Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

وزیراعظم کی کولاچی میں کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کی کارکردگی کو خراجِ تحسین

شہید کے درجات کی بلندی اور اہلِ خانہ کے لیے صبرِ جمیل کی دعا بھی کی

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کولاچی میں فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کے افسران اور جوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے ان کی بھرپور پزیرائی کی ہے۔

وزیراعظم نے آپریشن کے دوران سات خارجی دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر فورسز کی جرات، بہادری اور مؤثر حکمتِ عملی کی تعریف کی۔

انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے بروقت اور کامیاب کارروائی کر کے ملک کو ایک بڑے خطرے سے محفوظ بنایا۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے آپریشن کے دوران جامِ شہادت نوش کرنے والے نائیک یاسر خان شہید کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کی قربانیاں قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔

انہوں نے شہید کے درجات کی بلندی اور اہلِ خانہ کے لیے صبرِ جمیل کی دعا بھی کی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ افواجِ پاکستان کے بہادر افسران اور جوان ملک و قوم کے تحفظ کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے سے بھی دریغ نہیں کرتے، اور پاکستانی قوم اپنے ان ہیروز کی عظیم قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کر سکتی۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ پوری قوت سے جاری رکھی جائے گی اور ملک کے امن و استحکام پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

متعلقہ خبریں