Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

نیشنل گرڈ کمپنی نے 500 کے وی لاہور نارتھ گرڈ اسٹیشن کامیابی سے انرجائز کر دیا

سی پیک کے تحت حاصل ہونے والی سستی بجلی کی مؤثر اور بروقت ترسیل ممکن ہو سکے گی

نیشنل گرڈ کمپنی (این جی سی) نے 500 کے وی لاہور نارتھ گرڈ اسٹیشن کو کامیابی سے انرجائز کر دیا ہے، جو پنجاب میں بجلی کی ترسیل کے نظام کے لیے ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق یہ منصوبہ ایشیائی ترقیاتی بینک (ADB) کے تعاون سے 20.7 ارب روپے کی لاگت سے مکمل کیا گیا۔

منصوبے کے تحت 113 کلومیٹر طویل 500 کے وی اور 45 کلومیٹر طویل 220 کے وی ٹرانسمیشن لائنز بھی بچھائی گئی ہیں، جو قومی گرڈ کو مزید مضبوط بنائیں گی۔

نیشنل گرڈ کمپنی کا کہنا ہے کہ لاہور نارتھ گرڈ اسٹیشن کی تکمیل سے لاہور، گوجرانوالہ اور ملحقہ علاقوں میں بجلی کی فراہمی میں نمایاں بہتری آئے گی، جبکہ وولٹیج پروفائل بھی مستحکم ہوگا۔

اس منصوبے کے ذریعے سی پیک کے تحت حاصل ہونے والی سستی بجلی کی مؤثر اور بروقت ترسیل ممکن ہو سکے گی۔

مزید بتایا گیا ہے کہ لاہور نارتھ گرڈ اسٹیشن کے ذریعے لاہور-مٹیاری ٹرانسمیشن لائن کی صلاحیت کا بھرپور استعمال ممکن ہو گا، جس سے بجلی کے نظام میں رکاوٹوں اور لائن لاسز میں کمی آئے گی۔

منصوبے کی کامیاب تکمیل پر منیجنگ ڈائریکٹر این جی سی انجینئر الطاف حسین ملک نے این جی سی کی ٹیموں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ ملک کے پاور ٹرانسمیشن سسٹم کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی جانب ایک بڑا قدم ہے۔

انہوں نے کہا کہ لاہور نارتھ گرڈ اسٹیشن سے نہ صرف ملک کی توانائی کی سکیورٹی کو تقویت ملے گی بلکہ پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول میں بھی مدد ملے گی۔

متعلقہ خبریں