وفاقی حکومت نے 11ویں این ایف سی ایوارڈ کے لیے 8 اہم کمیٹیاں قائم کر دیں ہیں۔
ذرائع کے مطابق این ایف سی سے متعلق مختلف امور پرورکنگ گروپس تشکیل دیے گئے ہیں۔ صوبائی دائرہ اختیار کے اخراجات پر سفارشات کے لیے ایک ورکنگ گروپ تشکیل دیا گیا ہے۔ دائرہ اختیار سے متعلق ورکنگ گروپ کی سربراہی وزیر خزانہ پنجاب کریں گے۔
اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ مرکز اور صوبوں میں وسائل کی تقسیم کے تناسب پر ورکنگ گروپ تشکیل دیا گیا ہے، وسائل کی تقسیم سے متعلق ورکنگ گروپ کی سربراہی وزیر خزانہ بلوچستان کریں گے۔
ذرائع کے مطابق قومی قرضوں کی ساخت اور استعمال پر بھی ورکنگ گروپ تشکیل دیا گیا ہے جبکہ ٹیکس ٹو جی ڈی پی تناسب بہتر بنانے کے لیے بھی ورکنگ گروپ کی تشکیل کی گئی ہے۔ ٹیکس ٹو جی ڈی پی کے لیے ورکنگ گروپ وزیر خزانہ خیبرپختونخوا کی سربراہی میں کام کرے گا۔
یہ بھی پڑھیں: 11ویں این ایف سی ایوارڈ کے معاملات کو کامیابی سے پایۂ تکمیل تک پہنچانا ہماری منزل ہے، وزیر خزانہ
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ صوبوں کو وسائل کی براہ راست منتقلی پر بھی ورکنگ گروپ بنایا گیا ہے جس کی سربراہی وزیر خزانہ سندھ کریں گے۔ سابق فاٹا کے انضمام اور این ایف سی شیئر پر بھی ورکنگ گروپ تشکیل دیا گیا ہے۔
قابلِ تقسیم پول کی ساخت کے لیے بھی ورکنگ گروپ تشکیل دیا گیا ہے جس کی سربراہی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کریں گے۔
یاد رہے کہ گیارہویں این ایف سی ایوارڈ سے متعلق پہلا اجلاس 4 دسمبر کو ہوا تھا جس میں وفاق اور صوبوں نے مختلف ورکنگ گروپس کی تشکیل کا فیصلہ کیا تھا جبکہ این ایف سی سے متعلق دوسرا اجلاس آئندہ ماہ جنوری میں متوقع ہے۔


















