آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے ملک بھر میں پٹرول پمپس کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کا آغاز کر دیا ہے۔
مختلف شہروں میں اچانک معائنوں کے دوران پٹرول پمپس پر قواعد و ضوابط کی خلاف ورزیوں کی جانچ شروع کر دی گئی ہے۔
چیئرمین اوگرا مسرور خان نے نفاذی ٹیموں کے ہمراہ متعدد پٹرول پمپس کا خود معائنہ کیا، جہاں لائسنس، لازمی دستاویزات اور پیٹرولیم مصنوعات کے ذخائر کو باریک بینی سے چیک کیا گیا۔
اوگرا کی جانب سے پٹرول پمپ مالکان کو واضح ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ قوانین، حفاظتی معیار اور ضابطہ اخلاق پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں، کسی بھی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
اوگرا حکام کا کہنا ہے کہ صارفین کے مفادات کا تحفظ اور پیٹرولیم مصنوعات کی بلا تعطل فراہمی ادارے کی اولین ترجیح ہے، جبکہ غیر قانونی سرگرمیوں کے خاتمے کے لیے باقاعدہ اور مسلسل معائنے جاری رکھے جائیں گے۔



















