Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

بھیک نے بدنام کر دیا، سعودی عرب سمیت کئی ممالک سے ہزاروں پاکستانی ڈی پورٹ

سعودی عرب نے سب سے زیادہ 24 ہزار پاکستانی شہریوں کو بھیک مانگنے پر واپس بھیجا

دنیا کے مختلف ممالک میں بھیک مانگنے پر ہزاروں پاکستانیوں کی ڈی پورٹیشن نے ایوانِ بالا میں ہلچل مچا دی۔

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے اوورسیز پاکستانیز و انسانی حقوق کے اجلاس میں ڈی جی ایف آئی اے نے ایسے حقائق پیش کیے جو سب کے لیے تشویش کا باعث بن گئے۔

کمیٹی کو بتایا گیا کہ صرف رواں سال 51 ہزار پاکستانیوں کو مختلف ممالک سے آف لوڈ یا ڈی پورٹ کیا گیا۔

حیران کن طور پر سعودی عرب نے سب سے زیادہ 24 ہزار پاکستانی شہریوں کو بھیک مانگنے پر واپس بھیجا، جبکہ یو اے ای سے 6 ہزار اور آذربائیجان سے ڈھائی ہزار پاکستانی بھکاری ڈی پورٹ کیے گئے۔

ڈی جی ایف آئی اے کے مطابق عمرے کے نام پر یورپ جانے کی کوششیں بھی بے نقاب ہو گئیں۔ کئی افراد کے پاس یورپی ممالک کے دستاویزات موجود تھے، جس پر انہیں شواہد کے ساتھ ایئرپورٹس پر ہی روک لیا گیا۔

اجلاس میں انکشاف ہوا کہ رواں سال 24 ہزار پاکستانی کمبوڈیا گئے، جن میں سے 12 ہزار تاحال واپس نہیں آئے، برما سیاحتی ویزے پر جانے والے 4 ہزار افراد میں سے ڈھائی ہزار لاپتہ ہو گئے۔

گزشتہ برس 8 ہزار پاکستانی غیرقانونی طور پر یورپ پہنچے، جبکہ اس سال یہ تعداد کم ہو کر 4 ہزار رہ گئی

ڈی جی ایف آئی اے کا کہنا تھا کہ غیرقانونی ہجرت کے خلاف سخت اقدامات سے پاکستان کی پاسپورٹ رینکنگ 118 سے بہتر ہو کر 92 پر آ گئی، اور پاکستان اب غیرقانونی جانے والے افراد کے ٹاپ 5 ممالک کی فہرست سے نکل چکا ہے۔

مزید چونکا دینے والا انکشاف یہ بھی سامنے آیا کہ ایک جعلی فٹبال کلب کے ذریعے افراد کو جاپان بھجوایا گیا، حتیٰ کہ ایک معذور شخص بھی خود کو فٹبالر ظاہر کر کے ٹیم کے ساتھ روانہ ہو گیا۔

ڈی جی ایف آئی اے نے بتایا کہ دبئی اور جرمنی نے پاکستانی سرکاری پاسپورٹ پر ویزا فری سہولت دی ہے، جبکہ ایمی ایپلیکیشن جنوری کے وسط میں لانچ کی جائے گی، جس کے تحت بیرونِ ملک جانے والے افراد روانگی سے 24 گھنٹے قبل امیگریشن کلیئرنس حاصل کریں گے۔

متعلقہ خبریں