کراچی پولیس کی ایک اور سنگین ناکامی سامنے آگئی ہے، چوری شدہ موٹر سائیکل تو برآمد نہ ہو سکی مگر اس کا ای چالان گھر پہنچ گیا ہے۔
کراچی میں پولیس کی ناقص کارکردگی کا ایک اور حیران کن واقعہ سامنے آگیا ہے، جہاں ڈھائی سال قبل چوری ہونے والی موٹرسائیکل برآمد تو نہ ہوسکی، البتہ اسی موٹر سائیکل پر کیا گیا ای چالان متاثرہ شہری کے گھر پہنچ گیا۔
شہری کی موٹر سائیکل یکم اپریل 2023 کو فیڈرل بی ایریا بلاک 14 سے چوری ہوئی تھی جس کی درخواست متاثرہ شخص نے اسی سال پولیس میں جمع کروادی تھی تاہم پولیس 32 ماہ گزرنے کے باوجود موٹرسائیکل کا سراغ لگانے میں ناکام رہی۔
حیرت انگیز طور پر حال ہی میں متاثرہ شہری کو 5 ہزار روپے کا ای چالان موصول ہوا جس میں بتایا گیا کہ ایک نامعلوم شخص بغیر ہیلمٹ چوری شدہ موٹرسائیکل پر پنجاب چورنگی سے گزرا اور کیمرے کی مدد سے اس کی خلاف ورزی ریکارڈ کی گئی۔
ای چالان موصول ہونے کے بعد شہری نے فوری طور پر عزیز آباد تھانے میں باقاعدہ مقدمہ درج کروایا۔ پولیس حکام کے مطابق کیس کو مزید تفتیش کے لیے اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل کے حوالے کردیا گیا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ نہ صرف پولیس کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے بلکہ ای چالان کے نظام کی نگرانی اور ڈیٹا کے مؤثر استعمال پر بھی سنگین خدشات کو جنم دیتا ہے۔
متاثرہ شہری نے مطالبہ کیا ہے کہ موٹرسائیکل جلد از جلد برآمد کی جائے اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔


















