Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

سرکاری اداروں کے ڈیٹا بیسز تک ڈیجیٹل رسائی کے نئے منصوبے کا افتتاح کر دیا گیا

ڈیٹا پر مبنی آڈٹ سے مالی نظم و نسق کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی

 وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے آڈیٹر جنرل آفس میں سینٹر فار گورنمنٹ ڈیٹا اینالٹکس کا افتتاح کر دیا۔

اس موقع پر وزیر خزانہ نے سرکاری اداروں کے تمام ڈیٹا بیسز تک ڈیجیٹل رسائی فراہم کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ جدید ڈیٹا اینالیسس، مشین لرننگ اور اے آئی بیسڈ آڈٹ اپنانا وقت کی ضرورت ہے۔

وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ ڈیجیٹل اقدامات کے ذریعے آڈٹ کوریج میں اضافہ، شفافیت کا فروغ اور احتساب کا نظام مزید مؤثر بنایا جا سکے گا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ڈیٹا پر مبنی آڈٹ سے مالی نظم و نسق کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔

اس موقع پر آڈیٹر جنرل پاکستان نے مقدار کے بجائے معیار پر مبنی آڈٹ کی جانب اسٹریٹجک شفٹ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ آڈٹ کو محض جانچ پڑتال کے بجائے گورننس بہتر بنانے کے ایک مؤثر ٹول کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ آڈٹ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم اور جدید ڈیٹا اینالٹکس ٹولز متعارف کرا دیے گئے ہیں۔ حکام کے مطابق سینٹر فار گورنمنٹ ڈیٹا اینالٹکس وزیراعظم کے ڈیجیٹل پاکستان وژن کے عین مطابق قائم کیا گیا ہے۔

بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ کیش لیس اکانومی کی جانب پیش رفت سے ڈیجیٹل ڈیٹا میں اضافہ ہو رہا ہے جس کے نتیجے میں ریئل ٹائم اینالیسس ممکن ہو سکے گا۔

 کنٹرولر جنرل آف اکاؤنٹس نے بریفنگ میں آگاہ کیا کہ کیش لیس اور ڈیجیٹل اہداف بڑی حد تک حاصل کر لیے گئے ہیں۔

اعلامیے کے مطابق راست، مائیکرو پیمنٹ گیٹ وے اور آن لائن بلنگ نظام مؤثر انداز میں جاری ہیں جبکہ عالمی معیار کے مطابق ایکروول بیسڈ اکاؤنٹنگ پر منتقلی کا عمل بھی جاری ہے۔

اعلامیے میں شفافیت، احتساب اور مؤثر مالی نظم و نسق کے فروغ کے لیے اداروں کے مابین تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

متعلقہ خبریں