اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ ہمیں اپنی معیشت میں بہتری لے کرآنی ہے، جو ہوگیا سو ہوگیا، ہمیں اب چیلنج تسلیم کرنے کی ضرورت ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ہری پور پل کی تعمیر اور دانش اسکول کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ بچے اور بچیوں کے لیے الگ الگ دانش اسکول بنائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت تیزی سے مستحکم ہورہی ہے، ماضی کےفیصلوں سے سیکھ کر مستقبل کی تیاری کرنی ہے، ہمیں اپنی معیشت میں بہتری لےکرآنی ہے، جو ہوگیا سو ہوگیا، ہمیں اب چیلنج تسلیم کرنےکی ضرورت ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ معرکہ حق میں ملنے والا سبق مودی کبھی نہیں بھولے گا، بھارت معرکہ حق میں شکست کبھی فراموش نہیں کرسکے گا۔
انکا کہنا تھا کہ عالمی سطح پر پاکستان کی عزت وتکریم میں اضافہ ہوا، افواج پاکستان کی بہادری اور فتح کو تاریخ اور تاریخ دان یاد کرتے رہیں گے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام غیور اور بہادر ہیں، ہمیں خیبرپختونخوا کے کلچر کا احترام کرنا چاہیے، خیبرپختونخوا کے بہادرعوام نے ملک کے لیے بہت قربانیاں دیں، تاریخ آپ کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی، ہمارے نوجوان قوم کے ہیروز اور معمار ہیں، عسکری سطح پر جس طرح آگے نکلے اسی طرح معاشی میدان میں بھی آگے نکلنا ہوگا۔
















