ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے اسلام کی کامسیٹس یونیورسٹی کا دورہ کیا جہاں طلبہ اور اساتذہ کے ساتھ خصوصی نشست کا اہتمام کیا گیا۔
اس موقع پر ڈی جی آئی ایس پی آر نے ملکی داخلی صورتحال، غلط معلومات کے پھیلاؤ اور دیگر اہم امور پر تفصیلی گفتگو کی۔
ترجمان پاک فوج نے خصوصی نشست میں شرکاء کے سوالات کے مفصل اور مدلل جوابات دیے جبکہ تقریب کے اختتام پر شرکاء نے اپنے تاثرات کا اظہار بھی کیا۔
شرکاء نے افواج پاکستان کی مادر وطن کیلئے لازوال قربانیوں کو شاندارخراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ بغیر تحقیق کے غیرمصدقہ معلومات کا پھیلاؤ قومی مفادات کیلئے نقصان کا باعث بن سکتا ہے۔
انکا کہنا تھا کہ ایسے سیشنز سے بہترانداز میں مس انفارمیشن اورڈس انفارمیشن کا تدارک کیا جاسکتا ہے، ڈی جی آئی ایس پی آر نے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کی اور انہیں پاکستان کا مستقبل قرار دیا اور انہوں نے ہمارے سوالات کے مکمل دلائل کے ساتھ جوابات دیے۔
شرکاء کے مطابق پاکستان کے استحکام، سلامتی اور ترقی کیلئے فوج کے ساتھ ساتھ ہر شہری کا کردار ناگزیر ہے، دہشتگردی کے مکمل خاتمے کیلئے تمام اداروں کے درمیان باہمی تعاون اور یکجہتی انتہائی ضروری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نوجوانوں میں آگاہی اور شعورکو اجاگر کرنے کیلئے ایسے سیشنز کا تسلسل وقت کی اہم ضرورت ہے، اس آگاہی سیشن نے پاکستان کے استحکام اور ترقی میں طلبہ کے کلیدی کردار کو نمایاں کیا ہے، اس سیشن سے فتنہ الخوارج کے بارے میں ہمیں واضح آگاہی ملی ہے۔
آخر میں شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاک فوج ہم سے ہے اور ہم پاک فوج سے ہیں۔
















