Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

بیرون ملک مقیم بارہ ملین سے زائد پاکستانی ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں، وزیراعظم

سمندر پار پاکستانی اپنے مادر وطن کی صلاحیتوں اور ثقافت کے سفیر اور پاکستان اور دیگر  قوموں کے درمیان مضبوط پل ہیں

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ بیرون ملک مقیم بارہ ملین سے زائد پاکستانی ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے عالمی یوم مہاجرین پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان دنیا بھر کے ممالک کے  ساتھ مل کر مہاجرین کے ہمت و حوصلہ، قربانیوں اور بیش قدر خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ مہاجرین کی مناسبت سے اس سال یہ دن میری جدوجہد کی کہانی: ثقافتیں اور ترقی کے عنوان سے منایا جا رہا ہے، یہ موضوع اس روشن حقیقت کو اجاگر کرتا ہے کہ انسانی نقل و حرکت بڑے پیمانے پر باعث برکت ثابت ہوتی ہے۔

 ان کا کہنا تھا کہ مختلف سماجی پس منظر کو اپنے اندر سموئے ہوئے انسانوں کی نقل و حرکت معاشروں کو ثقافتی طور پر مالا مال کرتی ہے، معاشرے میں جدت و تخلیق کو فروغ دیتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ہجرت معاشروں کو نئی توانائی، تنوع اور مواقع فراہم کرتی ہے، مریم نواز

 وزیراعظم نے کہا کہ کثیر الثقافتی معاشرہ جب باہمی تعاون،  وقار اور حقوق کے اصولوں پر استوار ہو تو دیر پا ترقی کو آگے بڑھاتا ہے، بیرون ملک مقیم بارہ ملین سے زائد پاکستانی ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ سمندر پار پاکستانی اپنے مادر وطن کی صلاحیتوں اور ثقافت کے سفیر اور پاکستان اور دیگر  قوموں کے درمیان مضبوط پل ہیں، ان کی ترسیلات زر، جو سالانہ 38 ارب ڈالر سے زائد ہیں، ملکی معیشت کے لیےمثبت سہارا ہیں، لاکھوں خاندانوں کا ذریعہ معاش ہیں۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ ان  مہاجرین کی اصل طاقت ان کی مہارت، محنت اور عزم میں پوشیدہ ہے، حکومت پاکستان باہر جانے والے افراد کو ہنرمند بنانے کے انتظامات کو ضرروی سمجھتی ہے۔