Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاک بحریہ میں بابر کلاس کورویٹ ’پی این ایس خیبر‘ کی انڈکشن تقریب کہاں ہوگی؟

تقریب کے مہمانِ خصوصی ترک صدر رجب طیب اردوان ہوں گے۔

پاک بحریہ میں جدید بابر، ملجم کلاس کورویٹ ’پی این ایس خیبر‘ کی شمولیت کی انڈکشن تقریب ترکی کے شہر استنبول میں منعقد کی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق تقریب کے مہمانِ خصوصی ترک صدر رجب طیب اردوان ہوں گے جبکہ پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف بھی اس موقع پر شریک ہوں گے۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ آؤٹ فٹنگ، ہاربر ٹرائلز اور کامیاب لائیو فائرنگ ٹیسٹس مکمل ہونے کے بعد پی این ایس خیبر کو باضابطہ طور پر پاک بحریہ کے حوالے کیا جا رہا ہے، یہ جدید جنگی جہاز ترکی کے استنبول نیول شپ یارڈ میں تیار کیا گیا ہے۔

فائر ٹرائلز کے دوران پی این ایس خیبر نے زمین، فضا اور سطحِ آب پر موجود اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔ جہاز نے اپنے پرائمری اور سیکنڈری ویپن سسٹمز کے ذریعے تمام اہداف کو مکمل درستگی کے ساتھ تباہ کیا۔ 76 ملی میٹر مین گن اور 25 ملی میٹر ریموٹ کنٹرول گن سسٹم کی کامیاب انٹیگریشن اور اعلیٰ افادیت بھی ثابت ہوئی۔

واضح رہے کہ بابر کلاس کا فلیگ شپ پی این ایس بابر گزشتہ برس پاک بحریہ میں شامل کیا جاچکا ہے، بابر کلاس کے کثیر المقاصد جنگی جہاز بیک وقت سطحِ آب، زیرِ آب اور فضائی جنگی صلاحیت رکھتے ہیں۔

2888 ٹن وزنی بابر کلاس کورویٹس فضائی خطرات سے نمٹنے کے لیے ورٹیکل لانچ سسٹم سے لیس ہیں۔ 108 میٹر طویل ان جہازوں کی ٹاپ اسپیڈ 30 ناٹس، اینڈیورنس 15 دن اور آپریشنل رینج 3500 ناٹیکل مائلز ہے۔

پی این ایس خیبر لانگ رینج ویپن سسٹمز، جدید لانگ رینج سینسرز، تھری ڈی سرچ ریڈار، فائر کنٹرول ریڈار اور ہل ماؤنٹڈ سونار سسٹم سے آراستہ ہے۔

 خصوصی ڈیزائن اور جدید مٹیریلز کے باعث بابر کلاس کورویٹس کیمیائی، حیاتیاتی، ریڈی ایشن اور ایٹمی حملوں کو برداشت کرنے کی صلاحیت بھی رکھتے ہیں۔

پاک ترک ٹیکنالوجی ٹرانسفر معاہدے کے تحت پی این ایس بابر اور پی این ایس خیبر استنبول نیول شپ یارڈ میں تیار کیے گئے ہیں جبکہ پی این ایس طارق اور پی این ایس بدر کراچی شپ یارڈ میں تیاری کے مختلف مراحل سے گزر رہے ہیں۔