Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

بھارت اقلیتوں کو دیوار سے لگانے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے، صدر مملکت

اقوام متحدہ کے انسانی حقوق ماہرین کی بھارت سے متعلق رپورٹ کا خیرمقدم

اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ بھارت اقلیتوں کو دیوار سے لگانے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔

صدر آصف زرداری نے اقوام متحدہ کے انسانی حقوق ماہرین کی بھارت سے متعلق رپورٹ کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ رپورٹ میں بھارت کی عسکری کارروائیوں اور عالمی امن واستحکام پر اثرات سے متعلق سنگین خدشات کا اظہار کیا گیا ہے۔

انہوں نے سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ معطلی اور جارحانہ بھارتی رویے سے متعلق رپورٹ کے مشاہدات کو سراہا اور کہا کہ پانی کے بہاؤ کو متاثر کرنے والی کارروائیاں پاکستان کے حقوق کی خلاف ورزی ہیں۔

آصف زرداری نے کہا کہ انسانی حقوق ماہرین کی رپورٹ بھارتی طرزعمل سے بڑھتے عالمی خدشات کی بھی عکاسی کرتی ہے، یہ رپورٹ پاکستان کے دیرینہ موقف کی توثیق ہے۔

انکا  کہنا تھا کہ قانون اور مکالمے کی بجائے دھمکی، طاقت اور تشدد بھارت کا وتیرہ ہے، دوسرے ملکوں میں بھارتی مداخلت اور قتل وغارت سے متعلق رپورٹس خطرناک رجحان کی نشاندہی کرتی ہیں۔

صدر نے مزید کہا کہ بھارت اقلیتوں کو دیوار سے لگانے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے، تاہم انسانی حقوق ماہرین رپورٹ نے بھارت کے غیرذمہ دارانہ ریاستی طرزعمل کو بے نقاب کردیا۔