راولپنڈی: پاک فضائیہ ایئر مین اکیڈمی کورنگی میں پاسنگ آؤٹ پریڈ کی پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں ٹرینیز اینٹری نمبر 2306، 2406 اور 2412 کے شرکا نے کامیابی کے ساتھ اپنی تربیت مکمل کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق اس تقریب میں پاک فضائیہ، بحریہ اور دوست ممالک کے مجموعی طور پر 1155 کیڈٹس پاس آؤٹ ہوئے۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک (این اے ایس ٹی پی) کے ایڈوائزری بورڈ کے صدر تھے جن کا استقبال ایئر آفیسر کمانڈنگ پاک فضائیہ ایئر مین اکیڈمی نے کیا۔ مہمانِ خصوصی نے پریڈ کا معائنہ کیا اور بہترین تربیتی معیار پر اطمینان کا اظہار کیا۔
خطاب کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی نے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت، جنگی تیاریوں اور ملٹی ڈومین آپریشنز میں حاصل کی گئی کامیابیوں کو سراہا۔
ان کا کہنا تھا کہ ایئرمین اکیڈمی میں جدید اور مستقبل سے ہم آہنگ تربیت ایئرچیف کے وژن کے عین مطابق فراہم کی جارہی ہے جو بدلتے ہوئے سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ناگزیر ہے۔
تقریب کے دوران نمایاں کارکردگی دکھانے والے کیڈٹس میں ایئرکرافٹ مین سارجنٹ احمد حسین عارف نمایاں رہے، جنہوں نے ایئر چیف ٹرافی اور نور خان ٹرافی اپنے نام کی۔
ایئرکرافٹ مین حمزہ علی کو اصغر خان ٹرافی سے نوازا گیا جب کہ اے او سی ٹرافی اکیڈمی سارجنٹ ایئرکرافٹ مین شفقت نور نے حاصل کی۔ بہترین غیر ملکی ٹرینی کی ٹرافی سری لنکا کے ایل اے سی ہیراتھ کے حصے میں آئی۔
مہمانِ خصوصی نے فارغ التحصیل جوانوں اور ان کے والدین کو مبارکباد دیتے ہوئے اکیڈمی کے اساتذہ اور عملے کی پیشہ ورانہ خدمات کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔


















