Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

کراچی، لانڈھی ایکسپورٹ پروسیسنگ زون کی فیکٹری میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی

ریسکیو حکام کے مطابق آگ کی شدت بہت زیادہ ہے اور آگ پر قابو پانے میں وقت لگے گا

کراچی کے علاقے لانڈھی میں واقع ایکسپورٹ پروسیسنگ زون کی ایک فیکٹری میں آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا ہے۔

آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی سینٹرل کمانڈ اینڈ کنٹرول کے ذریعے ریسکیو 1122 کو الرٹ کیا گیا، جس کے بعد فائر اینڈ ریسکیو ٹیم ایمبولینس اور فائر بریگیڈ ٹرکوں کے ہمراہ فوری طور پر جائے وقوعہ پر روانہ ہو گئی۔

ترجمان ریسکیو کے مطابق فائر فائٹنگ ٹیمیں آگ پر قابو پانے کے لیے بھرپور کارروائی کر رہی ہیں۔ واقعہ لانڈھی ایکسپورٹ پروسیسنگ زون میں واقع استعمال شدہ کپڑوں کی فیکٹری میں پیش آیا، جہاں آگ زیڈ اے انٹرپرائزز نامی کمپنی کے سیکنڈ فلور پر لگی۔

حکام کے مطابق چھٹی کا وقت ہونے کے باعث تمام ملازمین پہلے ہی فیکٹری سے نکل چکے تھے، جس کے سبب آگ لگنے کے وقت کوئی بھی ملازم موجود نہیں تھا اور کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

فائر بریگیڈ کی 13 گاڑیاں آگ بجھانے کے عمل میں مصروف ہیں جبکہ اسنارکل کی مدد سے بھی بلند حصوں تک پہنچ کر آگ پر قابو پانے کی کوششیں جاری ہیں۔

ریسکیو حکام کے مطابق آگ کی شدت بہت زیادہ ہے اور آگ پر قابو پانے میں وقت لگے گا۔