شہر قائد میں خودکشی کے بڑھتے ہوئے واقعات ایک سنگین سماجی مسئلے کی صورت اختیار کر گئے ہیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق رواں سال 2025 کے دوران شہر میں خودکشی کے 155 واقعات رپورٹ ہو چکے ہیں، جو نہ صرف تشویش ناک ہیں بلکہ کئی سوالات بھی کھڑے کر رہے ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق پھندا لگا کر خودکشی کرنے والوں میں 124 مرد، 30 خواتین اور ایک خواجہ سرا شامل ہے۔
ماہ وار تفصیلات کے مطابق جنوری میں 4، فروری میں 12، مارچ میں 15، اپریل میں 17، مئی میں 17، جون میں 14 اور جولائی میں 10 افراد نے اپنی زندگی کا خاتمہ کیا۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ اگست کے مہینے میں خودکشی کے سب سے زیادہ واقعات رپورٹ ہوئے، جہاں صرف ایک ماہ میں 9 افراد جان سے گئے۔
ستمبر میں 21 جبکہ اکتوبر میں ایک خواجہ سرا سمیت 17 افراد نے خودکشی کی۔ نومبر میں 11 اور دسمبر میں 8 افراد نے پھندا لگا کر زندگی ختم کر لی۔
حکام کے مطابق خودکشی کے ان واقعات میں جاں بحق افراد کو ایدھی اور چھیپا ایمبولینس سروسز کے ذریعے مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔ لاشیں جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر، عباسی شہید اسپتال اور سول اسپتال لائی گئیں۔

















