اسلام آباد: پی آئی اے کے خریدار عارف حبیب نے ملازمین کے حوالے سے بڑا اعلان کردیا۔
عارف حبیب کنسورشیم نے قومی ائیرلائن کی نجکاری کے لیے بولی کے تیسرے مرحلے میں 135 ارب روپے کی بولی لگاکر پی آئی اے کے 75 فیصد شیئرز خرید لیے ہیں۔
اس موقع پر عارف حبیب کا کہنا ہے کہ آج پاکستان کی جیت ہوئی ہے اور یہ نجکاری مزید سرمایہ کاری کو بھی فروغ دے گی۔
انہوں نے کہا کہ پی آئی اے ہمارا قومی ادارہ ہے جس نے بہت اچھے دن دیکھے ہیں جب کہ مزید لوگوں کے لئے روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔
عارف حبیب کہتے ہیں کہ پی آئی اے کے عملے کو اعتماد دیں گے جس کا عملہ انتہائی قابل ہے اور پی آئی اے دنیا میں دوسرے نمبر پر رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ نیا سرمایہ کمپنی میں لگنے سے اس کے مسائل حل ہوں گے، پی آئی اے کے آپریشنل طیاروں کی تعداد پہلے مرحلے میں 38 اور بعد میں 64 تک لے کر جائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ڈیمانڈ کے حساب سے اس تعداد میں مزید اضافے پر غور کیا جائے گا، ملازمین کی مہارت سے پورا پورا فائدہ اٹھائیں گے اور جب توسیع کریں گے تو ملازمتوں کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔



















