راولپنڈی: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل نوید اشرف سے کمانڈر رائل اومان نیوی ریئر ایڈمرل سیف بن ناصر بن محسن الرہبی نے ملاقات کی۔ یہ ملاقات نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں ہوئی۔
ملاقات کے دوران نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف اور کمانڈر رائل اومان نیوی کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی میری ٹائم سیکیورٹی کی صورتحال اور دوطرفہ بحری تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں بحری قیادتوں نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ، سمندری حدود کے تحفظ اور مشترکہ بحری چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تعاون مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔ اس موقع پر وائٹ شپنگ معلومات کے تبادلے سے متعلق ایک مفاہمتی یادداشت پر بھی دستخط کیے گئے۔
مفاہمتی یادداشت کے تحت دوطرفہ آگاہی کو بہتر بنانے کے لیے بحری معلومات کے تبادلے کے اصول، ضوابط اور طریقۂ کار طے کیے گئے ہیں جس کا مقصد سمندری سلامتی، تجارتی جہاز رانی کے تحفظ اور غیر روایتی خطرات سے نمٹنے میں تعاون کو فروغ دینا ہے۔
کمانڈر رائل اومان نیوی ریئر ایڈمرل سیف بن ناصر بن محسن الرہبی نے پاک بحریہ کی پیشہ ورانہ مہارت، اعلیٰ صلاحیتوں اور خطے میں میری ٹائم سیکیورٹی کے لیے کردار کو سراہا۔ انہوں نے علاقائی استحکام کے قیام میں پاک بحریہ کی کوششوں کی بھی تعریف کی۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان اور اومان جغرافیائی قربت کے حامل ممالک ہیں اور دونوں کے درمیان مشترکہ بحری حدود موجود ہیں۔ دونوں ممالک کے دوطرفہ تعلقات معاشی تعاون، عوامی روابط اور مضبوط دفاعی شراکت داری پر مبنی ہیں۔
پاک بحریہ اور رائل اومان نیوی کے درمیان گہرے پیشہ ورانہ تعلقات ایکسپرٹ لیول اسٹاف ٹاکس، تربیتی تبادلوں، دوطرفہ مشقوں اور کثیرالملکی بحری مشقوں میں مشترکہ شرکت کے ذریعے مزید مضبوط ہورہے ہیں۔

















