قائد اعظم محمد علی جناحؒ کے یوم پیدائش اور کرسمس کے موقع پر مسلح افواج کے سربراہان نے بابائے قوم کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، ایئر چیف اور نیول چیف نے بابائے قوم قائداعظم کے یوم پیدائش پر خصوصی پیغام جاری کیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مسلح افواج قائد اعظمؒ کے مضبوط، خودمختار اور جمہوری پاکستان کیلئے کوشاں ہیں، مسلح افواج قائد اعظمؒ کے وژن سے غیرمتزلزل وابستگی کا اعادہ کرتی ہیں۔
عسکری قیادت کا کہنا ہے کہ قائد اعظمؒ کے ایمان، اتحاد اور تنظیم کے زریں اصولوں پر کاربند ہیں، اپنے پیغام میں عسکری قیادت نے قائداعظم کی مثالی قیادت، آئین پسندی سے رہنمائی حاصل کرنے کےعزم کا اعادہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں: بابائے قوم قائداعظمؒ کا 149واں یوم پیدائش آج ملی جوش و جذبےسے منایا جارہا ہے
مسلح افواج ہرچیلنج سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار اور مادر وطن کی سرحدوں کے دفاع کے لئے پرعزم ہیں، مسلح افواج قومی استحکام،امن اور ترقی کیلئے پوری لگن کے ساتھ کوشاں ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مسلح افواج پاکستان کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ اور قائد اعظم کے نظریات،امنگوں کے مطابق استحکام،امن و ترقی کیلئے بھرپور کردار ادا کرنے کے عزم کا اعادہ کرتی ہیں۔
علاوہ ازیں مسلح افواج نے مسیحی برادری کو کرسمس کے تہوار پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسیحی برادری کا قومی ترقی میں نمایاں کردار ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مسلح افواج قومی ترقی میں مسیحی برادری کی قیمتی خدمات کو سراہتی ہیں، مسلح افواج نے تمام شہریوں کیلئے مساوی حقوق، مذہبی آزادی اور ہم آہنگی پر قائد اعظم کے وژن سے وابستگی کا اعادہ کیا ہے۔
















