لاڑکانہ: شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی اٹھارویں برسی کے موقع پر پاکستان پیپلزپارٹی کی جانب سے گڑھی خدا بخش بھٹو میں جلسہ عام کا انعقاد کیا گیا ہے۔
جلسے کا آغاز دوپہر دو بجے کے بعد ہوگا، جلسے سے صدر مملکت آصف علی زرداری اور چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری خطاب کریں گے۔
حکومت کا اعلیٰ سطحی وفد بھی آج سابق وزیراعظم محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کی برسی کے جلسہ عام میں شرکت کرے گا۔
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی قیادت میں یہ وفد گڑھی خدا بخش کے لیے روانہ ہو چکا ہے، جس میں مشیر وزیر اعظم رانا ثناء اللہ، وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری اور اراکین قومی اسمبلی شامل ہیں۔
یہ وفد وزیر اعظم شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر تقریب میں شرکت کے علاوہ پیپلز پارٹی کی مرکزی قیادت سے بھی ملاقاتیں کرے گا۔
اسپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ آج ہم پاکستان کی عظیم بیٹی، سابق وزیرِاعظم محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کی برسی منا رہے ہیں۔
ان کے مطابق محترمہ بینظیر بھٹو نے خواتین کے کردار کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا اور اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ، پاکستان کو پرامن، ترقی پسند اور جمہوری ریاست بنانے کے لیے قابلِ قدر اقدامات کیے۔
انھوں نے کہا کہ شہید بینظیر بھٹو کی قربانیاں اور خدمات پوری قوم کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔ اسپیکر نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ محترمہ بینظیر بھٹو شہید کو جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، آمین۔
شہید بینظیر بھٹو کی یاد میں ہونے والے جلسہ عام کی سیکیورٹی کے فرائض 30 ایس ایس پیز سمیت آٹھ ہزار سے زائد پولیس اہلکار سرانجام دے رہے ہیں جبکہ رینجرز بھی تعینات ہیں۔
جلسے میں شرکت کے لیے ملک بھر سے جیالوں کے قافلوں کی آمد جاری ہے، جو اپنے شہید قائدین کو خراج تحسین پیش کر رہے ہیں اور جلسے میں بھرپور شرکت کر رہے ہیں۔














