Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

گڑھی خدابخش کی قربانیوں کے بغیر بھارت کو شکست ناممکن ہوتی، بلاول بھٹو

انہوں نے بھٹو خاندان کے دفاعی اقدامات، ایٹمی طاقت، میزائل ٹیکنالوجی اور ملک کی مضبوطی کے حوالے سے بات کی۔

گڑھی خدابخش: محترمہ بینظیر بھٹو کی 18 ویں برسی کے موقع پر بلاول بھٹو نے کہا کہ بھارت کو شکست پاکستان کے عوام کی جیت ہے اور گڑھی خدابخش کی قربانیوں کے بغیر یہ جیت ناممکن ہوتی۔

بینظیر بھٹو کی 18 ویں برسی کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے پارٹی کے تاریخی کردار، عوامی فلاح اور ملکی ترقی کے اقدامات پر روشنی ڈالی اور قاتلوں کو پیغام دیا کہ بی بی زندہ ہے اور ان کا مشن جاری ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ 18 سال گزرنے کے بعد بھی قاتلوں کے لیے سب سے بڑا جواب یہ مجمع ہے۔ ہر سال لاکھوں لوگ بے نظیر بھٹو کی برسی پر جمع ہوتے ہیں۔ عوام کی محبت اور کارکنوں کے ساتھ اتحاد سے ہمیں طاقت ملتی ہے اور عوام کی طاقت سے اسلام آباد میں مسائل حل کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کی سب سے بڑی کامیابی بھارت کو شکست دینا ہے جو پاکستان کے عوام کی جیت ہے اور گڑھی خدابخش کی قربانیوں کے بغیر یہ جیت ناممکن ہوتی۔ انہوں نے بھٹو خاندان کے دفاعی اقدامات، ایٹمی طاقت، میزائل ٹیکنالوجی اور ملک کی مضبوطی کے حوالے سے بات کی۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کہتے ہیں کہ قائد عوام نے پاکستان اور چین کی دوستی کی بنیاد رکھی اور سابق صدر آصف علی زرداری نے سی پیک کے ذریعے اس دوستی کو مزید مضبوط کیا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ ملک میں معاشی، سیاسی اور دہشت گردی کے مسائل ہیں۔ صوبوں کے اختیارات، ٹیکس اور ذمہ داریوں پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صوبے وفاق کے مسائل حل کرنے میں بہتر کردار ادا کرسکتے ہیں۔

انہوں نے عوام کو یقین دلایا کہ پیپلز پارٹی ایسی پالیسیاں لاتی ہے جن سے عوام کے کندھوں سے بوجھ کم ہوتا ہے۔ بی آئی ایس پی، سیلاب متاثرین کے گھروں کی تعمیر، خواتین کے مالکانہ حقوق اور زرعی ایمرجنسی کے اقدامات اس سلسلے کی مثالیں ہیں۔

بلاول بھٹو نے بتایا کہ این آئی سی وی ڈی، ایس آئی یو ٹی اور گمبٹ اسپتال عالمی معیار کے علاج فراہم کررہے ہیں۔ سندھ میں اسپتالوں میں مریضوں کی 50 فیصد سے زیادہ آمد دیگر صوبوں سے ہے۔ نوجوانوں کو عالمی اداروں میں تعلیم دلانے کے پروگرام بھی جاری ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ معاشی بحران سے نکلنے کے لیے سیاسی بحران کا حل ضروری ہے اور پیپلزپارٹی وفاق اور صوبوں کے ساتھ مل کر ملک کے مسائل حل کرنے کے لیے کوشاں ہے۔