گڑھی خدابخش: محترمہ بینظیر بھٹو کی 18 ویں برسی کے موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ مودی کو چل گیا ہے کہ پاکستان اپنا دفاع کرنا جانتا ہے جب کہ ہم نے فوج کا ایسا چیف بنایا جس نے بھارت کو منہ توڑ جواب دیا۔
محترمہ بینظیر بھٹو کی 18 ویں برسی کے موقع پر پیپلز پارٹی کے زیر اہتمام جلسہ منعقد ہوا جس سے صدر مملکت آصف علی زرداری نے خطاب کیا جب کہ صدر زرداری نے اپنے خطاب میں ملکی دفاع، پیپلز پارٹی کی قربانیوں، بھارت کو دیے گئے جواب اور پارٹی کارکنوں کے عزم پر تفصیل سے بات کی۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ آج کے دن پیپلز پارٹی نے ’’پاکستان کھپے‘‘ کا نعرہ لگاکر ملک کو بچایا۔ پاکستان کھپے کا نعرہ میں نے نہیں بلکہ بے نظیر بھٹو کی روح نے لگایا تھا اور یہی نعرہ پاکستان کی بقا کی ضمانت بنا۔
صدر مملکت نے کہا کہ ہم نے فوج کا ایسا چیف بنایا جس نے بھارت کو منہ توڑ جواب دیا۔ ہمارے آرمی چیف نے بھارت کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر جواب دیا اور مودی کو یہ پیغام مل گیا کہ پاکستان اپنا دفاع کرنا جانتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اللہ نے ہمیں موقع دیا کہ ملک کو بہترین فوجی قیادت ملی اور اگر دنیا لحاظ نہ کرتی تو بھارت کے سارے جہاز گرائے جاسکتے تھے۔
صدر زرداری نے کہا کہ مودی اب روٹی اور گولی کی باتیں چھوڑ دے کیونکہ اگر پاکستان کے گریبان پر ہاتھ ڈالا گیا تو بھرپور جواب دیا جائے گا۔ خود کو دس گنا بڑا ملک کہنے والوں کو وہ دل گردہ کہاں سے ملے گا جو ہمارے آرمی چیف، ایئر چیف اور وزیراعظم کے پاس ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کو ہماری ضرورت پڑی تو ہم اپنا سب کچھ قربان کردیں گے۔ اگر کسی نے ملک کی طرف میلی آنکھ سے دیکھا تو یہاں آصف زرداری اور بھٹو کے وارث موجود ہیں جو ملک کا دفاع کرنا جانتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جب بھی وہ جیلوں میں گئے، کارکنوں کو سڑکوں پر نکلنے کے بجائے خود کو محفوظ رکھنے کا کہا۔ ہمیشہ اکیلے مقابلہ کرتے رہے، جیسے بے نظیر بھٹو کہا کرتی تھیں کہ میں اکیلی ہی مقابلہ کروں گی۔
صدر مملکت مزید کہتے ہیں کہ پاکستان کسی ملک سے لڑنا نہیں چاہتا لیکن اگر کوئی ہماری دھرتی یا گریبان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھے گا تو ہماری فوج، ایئر فورس اور نیوی دشمن کو ناکوں چنے چبوا دے گی۔
انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ اگر کسی نے پاکستان کے خلاف جارحیت کی تو وہی انجام ہوگا جو بھارت کا ہوا ہے۔














