Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

کراچی میں دلخراش واقعہ، ماں اور تین معصوم بچے گھر میں پھندے سے لٹکے مردہ پائے گئے

مقتولہ خاتون کے شوہر نجیب اللہ کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کر دی ہے، پولیس

سہراب گوٹھ گناہ منڈی کے قریب ایک گھر سے ماں اور تین معصوم بچوں کی لاشیں برآمد ہونے کا دلخراش واقعہ سامنے آیا ہے جس نے پورے علاقے کو سوگوار کر دیا۔

پولیس حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 35 سالہ فاطمہ، 10 سالہ سونم، 3 سالہ آرزو اور 2 سالہ ارمان شامل ہیں۔

پولیس کے مطابق چاروں لاشیں گھر کے اندر پھندے سے لٹکی ہوئی حالت میں ملی ہیں۔ ماں اور بیٹی کو ایک ساتھ جبکہ ایک بیٹے اور ایک بیٹی کو الگ الگ دیواروں کے ساتھ چھت سے لٹکایا گیا تھا۔ رسیوں کے ذریعے لٹکائی گئی لاشوں نے دیکھنے والوں کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا۔

واقعے کے بعد پولیس نے شک کی بنیاد پر مقتولہ خاتون کے شوہر نجیب اللہ کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کر دی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ نجیب اللہ سبزی منڈی میں کام کرتا ہے اور اس نے ایک افغانی خاتون سے دوسری شادی کی تھی، جبکہ اس کی پہلی بیوی کا تعلق پنجاب سے ہے۔

عباسی اسپتال میں متوفیوں کے دوست نواب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ نجیب اللہ مالی طور پر مستحکم تھا، کاروبار اچھا چل رہا تھا اور تین ماہ قبل ہی اس نے نیا گھر خریدا تھا، حتیٰ کہ دوستوں کو دعوت پر بھی بلایا تھا۔

دوست کے مطابق نجیب اللہ طلاق شدہ تھا اور یہ اس کی دوسری بیوی تھی، جبکہ بچوں میں سے ایک بچی پہلی بیوی کی ہے۔

نواب نے انکشاف کیا کہ پہلی بیوی کی جانب سے فون آنے پر اکثر گھر میں لڑائی جھگڑے ہوتے تھے، جو گھریلو کشیدگی کا باعث بنتے رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بظاہر گھر میں خوشحالی تھی لیکن اندرونی مسائل شاید اس سانحے کا سبب بنے۔

واقعے کا سندھ کے وزیر داخلہ ضیاء الحسن لنجار نے سختی سے نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی ایسٹ سے فوری رپورٹ طلب کر لی ہے۔

وزیر داخلہ نے ہدایت کی ہے کہ قتل کے پس پردہ محرکات کا مکمل جائزہ لے کر ملوث عناصر کو قانون کی گرفت میں لایا جائے اور متاثرہ خاندان کو انصاف فراہم کیا جائے۔

متعلقہ خبریں