صدرِ مملکت، وزیراعظم اور وزیراعلیٰ سندھ نے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے اور چار دہشت گردوں کے خاتمے کو فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت کا منہ بولتا ثبوت قرار دیا ہے۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے سیکیورٹی فورسز کی بروقت اور مؤثر کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ بیرونی مداخلت کے باعث ہونے والی دہشت گردی کے خلاف جنگ پوری قوت کے ساتھ جاری رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ قوم اپنی سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے تک جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے آپریشن میں چار دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ فورسز دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بڑی کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پوری قوم اس جنگ میں افواج کے ساتھ کھڑی ہے اور ملک کو دہشت گردی سے مکمل طور پر پاک کر کے دم لیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بھی کامیاب کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ فورسز کی دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں قابلِ ستائش ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے ملک میں امن و امان کے قیام کے لیے بے شمار قربانیاں دی ہیں اور دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ دیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جیت ہماری ہوگی اور ملک میں امن و خوشحالی کا سورج جلد طلوع ہوگا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشت گرد عناصر کے ناپاک عزائم کو ہر صورت ناکام بنایا جائے گا۔



















