Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

کرسمس پر توڑ پھوڑ؛ بھارت میں اقلیتوں پر ظلم وستم نہایت تشویشناک ہے، پاکستان

پاکستان کا بھارت میں کمزور طبقات کے حقوق کے تحفظ پر عالمی برادری سے مطالبہ

اسلام آباد: پاکستان کی وزارت خارجہ نے بھارت میں کرسمس پر توڑ پھوڑ کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت میں اقلیتوں پر ظلم و ستم نہایت تشویشناک امر ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ بھارت میں اقلیتوں پر مظالم انتہائی تشویشناک ہیں، کرسمس کے دوران عبادت گاہوں کی توڑ پھوڑ اور مسلمانوں کے خلاف تشدد قابلِ مذمت ہے۔

دفتر خارجہ کے مطابق بھارت میں مسلمانوں کے گھروں کی مسماری اور ہجومی تشدد کے واقعات بڑھتے جا رہے ہیں، محمد اخلاق کے قتل سمیت متعدد واقعات میں مجرموں کو بھارتی ریاستی سرپرستی حاصل رہی، ان واقعات نے بھارتی مسلمانوں میں خوف اور عدم تحفظ کو مزید گہرا کر دیا ہے۔

پاکستان کی جانب سے مزید کہا گیا کہ متاثرین کی فہرست طویل اور افسوسناک ہے، عالمی برادری بھارت میں کمزور طبقات کے بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے کردار ادا کرے۔

واضح رہے کہ دنیا بھر میں مسیحی برادری نے کرسمس کی خوشیاں منائیں، مگر بھارت میں یہ مذہبی تہوار خوف اور عدم تحفظ کے سائے میں منایا گیا، جہاں مختلف ریاستوں میں ہندو انتہاپسند عناصر نے مسیحیوں اور ان کی مذہبی علامتوں کو نشانہ بنایا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق کرسمس کے موقع پر بھارت کے کئی علاقوں میں ہندو انتہاپسند گروہوں نے گرجا گھروں پر حملے کیے، کرسمس کی تقریبات میں شریک افراد کو تشدد اور ہراسانی کا سامنا کرنا پڑا اور مذہبی آزادی کو کھلے عام پامال کیا گیا۔

رپورٹس میں بتایا گیا کہ بھارت بھر میں مسیحی اجتماعات، کرسمس سجاوٹ اور مذہبی سرگرمیوں پر حملوں، دھمکیوں اور رکاوٹوں کے درجنوں واقعات سامنے آئے، جس سے اقلیتی برادری میں شدید خوف و تشویش پھیل گئی۔

متعلقہ خبریں