Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

باجوڑ میں آپریشن؛ 5 دہشت گرد ہلاک، میجر عدیل زمان شہید

شہید میجر عدیل زمان کی عمر 36 سال تھی جب کہ ان کا تعلق ڈیرہ اسماعیل خان سے تھا۔

راولپنڈی: باجوڑ کے علاقے خار میں سیکیورٹی فورسز نے آپریشن کرتے ہوئے 5 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا جب کہ اس دوران میجر عدیل زمان شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے باجوڑ میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر ایک مؤثر انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی انجام دی۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ اس کارروائی میں 5 دہشت گرد ہلاک ہوئے جب کہ ان کے قبضے سے ہتھیار اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔

ہلاک دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کے خلاف متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے اور شہریوں کی ہلاکتوں میں بھی شریک پائے گئے۔

کارروائی کے دوران میجر عدیل زمان شہید ہوگئے۔ شہید میجر عدیل زمان کی عمر 36 سال تھی جب کہ ان کا تعلق ڈیرہ اسماعیل خان سے تھا۔ انہوں نے اپنے دستوں کی قیادت کرتے ہوئے جان کا نذرانہ پیش کیا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ علاقے میں دہشت گردوں کے ممکنہ خاتمے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشنز جاری ہیں اور سیکیورٹی فورسز دہشت گردوں کے خلاف اپنی کارروائیاں پُرعزم انداز میں جاری رکھے ہوئے ہیں۔

متعلقہ خبریں