سال 2026 کی آمد پر وزیر اعظم شہباز شریف نے ملک اور بیرونِ ملک مقیم تمام پاکستانیوں کو نئے سال کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ جیسے ہی سال 2025 اختتام کو پہنچ رہا ہے، قوم شکرگزاری اور عاجزی کے ساتھ ماضی پر نظر ڈالتی اور نئے عزم کے ساتھ آگے بڑھنے کا عہد کرتی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ گزشتہ برس نے پاکستان کو مختلف آزمائشوں سے گزارا، مگر اسی دوران اس نے قوم کی اجتماعی طاقت، خود اعتمادی اور حوصلے کو بھی ثابت کیا۔
مشکل مگر ناگزیر فیصلوں، نظم و ضبط اور مسلسل محنت کے ذریعے معیشت کو استحکام، اعتماد کی بحالی اور پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن کیا گیا۔
Greetings to all Pakistanis at home and abroad.
As 2025 draws to a close, we look back with gratitude and humility, and move ahead with renewed resolve.
The past year has tested our nation in many ways, but it has also reaffirmed our collective strength and self-belief.…
— Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) December 31, 2025
یہ کامیابیاں آسانی سے حاصل نہیں ہوئیں بلکہ یہ عوام کی محنت، صبر اور قربانیوں کا نتیجہ ہیں۔ قوم کی ثابت قدمی اور روشن مستقبل پر یقین کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ گزشتہ سال دشمنوں کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا گیا اور دہشت گردی کے ناسور کا مقابلہ میدانِ جنگ اور مذاکراتی سطح پر بے مثال جرات اور دلیری سے کیا گیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی مثالی عسکری قیادت کو سراہتے ہوئے کہا گیا کہ پوری دنیا نے ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو تسلیم کیا۔ پاک فوج، فضائیہ اور بحریہ پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ انہوں نے دشمن کو یہ سبق دیا کہ جنگیں غرور سے نہیں بلکہ جذبے اور حوصلے سے جیتی جاتی ہیں۔
اپنے پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ معاشی بنیادوں کو مضبوط بنانے، گورننس بہتر کرنے، سماجی تحفظ بڑھانے اور طویل المدتی ترقی کی بنیاد رکھنے کیلئے اہم اقدامات کیے گئے۔
مالی نظم و ضبط، ساختی اصلاحات، سرمایہ کاری، برآمدات اور توانائی کے شعبے میں پیش رفت سے پاکستان ایک بار پھر اعتماد کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے۔
یہ تمام کوششیں ایک مستحکم، خود کفیل اور خوشحال پاکستان کے قیام کے عزم کے تحت کی جا رہی ہیں، جہاں ہر شہری کو مواقع اور باوقار زندگی میسر ہو۔
سال 2025 نے قوم کو اس کی زندہ روح کی یاد دہانی بھی کرائی۔ تاریخی سنگِ میل یاد کیے گئے، شہداء اور ہیروز کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا اور امن، اتحاد اور قومی یکجہتی کے عزم کو تازہ کیا گیا۔
جدت، ٹیکنالوجی اور انسانی وسائل قومی سفر کا مرکز ہیں۔ تعلیم، ہنر، ڈیجیٹل تبدیلی اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز میں سرمایہ کاری کر کے نوجوانوں کو بااختیار بنایا جا رہا ہے۔
زراعت، صنعت، آئی ٹی اور قابلِ تجدید توانائی سمیت تمام شعبوں میں پیداواری صلاحیت بڑھانے، جدت کو فروغ دینے اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کا عزم ظاہر کیا گیا، کیونکہ پائیدار ترقی کی بنیاد نوجوانوں کیلئے امید اور مواقع ہیں۔
پاکستان کی ثقافتی اور روحانی وراثت کو بھی قومی طاقت قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ روایات، فنون اور ثقافتی تنوع پر فخر ہے، اور ترقی کے ساتھ ساتھ اقدار، شناخت اور سماجی ہم آہنگی کا تحفظ ضروری ہے۔
پیغام میں واضح کیا گیا کہ عوام کی فلاح و بہبود تمام پالیسیوں کا محور ہے۔ سماجی تحفظ کے پروگراموں میں توسیع، صحت و تعلیم میں بہتری، کسانوں اور مزدوروں کی معاونت اور جامع ترقی کو یقینی بنایا جا رہا ہے، کیونکہ جب ہر گھر خود کو محفوظ اور پُرامید محسوس کرے تو قوم مضبوط ہوتی ہے۔
عالمی سطح پر پاکستان کے کردار پر بات کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ ملک امن، علاقائی استحکام، کثیرالجہتی تعاون اور قوانین پر مبنی عالمی نظام کا حامی ہے۔
عالمی بے یقینی کے اس دور میں پاکستان محاذ آرائی کے بجائے مکالمے، تقسیم کے بجائے ترقی اور یکطرفہ اقدامات کے بجائے تعاون کی حمایت جاری رکھے گا۔
پیغام کے اختتام پر وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ اتحاد، نظم و ضبط اور محنت کے ذریعے ایک ایسا پاکستان تعمیر کیا جائے گا جو معاشی طور پر مضبوط، سماجی طور پر منصفانہ اور چیلنجز کے مقابلے میں مضبوط ہو۔
سفر طویل سہی، مگر عزم غیر متزلزل ہے۔
نئے سال کے سورج کے طلوع ہونے کے ساتھ دعا کی گئی کہ وطنِ عزیز وقار اور طاقت کے ساتھ سربلند رہے، کھیت لہلہائیں، گھروں میں امن ہو، قوم امید اور مواقع کی روشنی میں آگے بڑھے اور ہر پاکستانی اپنے خواب پورے کرے۔
آخر میں وزیر اعظم شہباز شریف نے قوم کو اور ان کے اہلِ خانہ کو نئے سال کی دلی مبارکباد دی۔



















