Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ملک بھر میں شب معراج انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی

فرزندانِ اسلام نے نوافل ادا کیے اور طویل عبادات کے ذریعے اللہ تعالیٰ کے حضور سجدہ ریز ہوئے۔

ملک بھر میں شبِ معراج نہایت عقیدت، احترام اور روحانی جوش و جذبے کے ساتھ منائی گئی۔

اس بابرکت رات کے موقع پر ملک کے مختلف شہروں میں مساجد کو چراغاں کیا گیا، جہاں خصوصی محافلِ ذکر، نعت خوانی اور درود و سلام کا اہتمام کیا گیا۔

فرزندانِ اسلام نے نوافل ادا کیے اور طویل عبادات کے ذریعے اللہ تعالیٰ کے حضور سجدہ ریز ہوئے۔

علمائے کرام نے شبِ معراج کی عظمت اور اس کے پیغام پر تفصیلی خطابات کیے۔ انہوں نے واقعۂ معراج کی روشنی میں ایمان، صبر اور اطاعت کی اہمیت کو اجاگر کیا جبکہ ملک و قوم کی ترقی، امن و سلامتی اور امتِ مسلمہ کی فلاح کے لیے خصوصی دعائیں بھی مانگی گئیں۔

شبِ معراج وہ عظیم رات ہے جب اللہ رب العزت نے اپنے محبوب نبی حضرت محمدﷺ کو معراج کا شرف عطا فرمایا اور امتِ مسلمہ کو پانچ وقت کی نماز کا تحفہ دیا۔ اسی رات حضور اکرمﷺ نے مسجد الحرام سے مسجد اقصیٰ تک سفر فرمایا، جہاں تمام انبیائے کرامؑ نے آپﷺ کی امامت میں نماز ادا کی، بعد ازاں آپﷺ آسمانوں کی سیر کرتے ہوئے بارگاہِ الٰہی تک تشریف لے گئے۔

واقعۂ معراج کا ذکر قرآنِ کریم کی سورۃ الاسراء کی ابتدائی آیات میں ملتا ہے۔ اس مبارک سفر کے دوران رسولِ اکرم ﷺ کو جنت و دوزخ کے مناظر دکھائے گئے اور مختلف انبیائے کرامؑ سے ملاقات کا شرف حاصل ہوا۔ اسی موقع پر نماز کو فرض قرار دیا گیا، جس کی وجہ سے شبِ معراج کو عبادات اور روحانی تقرب کے لیے خصوصی حیثیت حاصل ہے۔

متعلقہ خبریں