سرگودھا میں شدید دھند کے باعث ایک افسوسناک ٹریفک حادثہ پیش آیا، جہاں کوٹ مومن کے علاقے گلاپور بنگلہ کے قریب ایک مزدا گاڑی بے قابو ہو کر نہر میں جا گری، جس کے نتیجے میں 14 افراد موقع پر ہی جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق مزدا گاڑی پر کچھ بوریاں لدی ہوئی تھیں اور اس میں مجموعی طور پر 22 افراد سوار تھے جو ایک فوتگی میں شرکت کے لیے جا رہے تھے۔
ذرائع نے بتایا کہ یہ گاڑی اسلام آباد سے فیصل آباد کی جانب رواں دواں تھی کہ دھند کے باعث ڈرائیور کو راستہ نظر نہ آیا اور گاڑی نہر میں جا گری جس کے باعث 14 افراد اپنی جان کی بازی ہار گئے۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ نہر میں اس وقت پانی موجود نہیں تھا تاہم مزدا ٹرک الٹ کر نیچے آنے کی وجہ سے زیادہ جانی نقصان ہوا، تاہم اطلاع ملتے ہی ریسکیو اور پولیس کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔
تمام جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمی کو ٹی ایچ کیو اسپتال کوٹ مومن منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔ واقعے پر علاقے میں سوگ کی فضا ہے جبکہ پولیس نے حادثے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔




















