Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

لوئر چترال میں برفانی تودہ گرنے سے ایک ہی خاندان کے 9 افراد جاں بحق

صدر اور وزیر اعظم سمیت کا قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار۔

لوئر چترال کے علاقے میں ایک رہائشی گھر پر برفانی تودہ گرنے سے ایک ہی خاندان کے 10 افراد ملبے تلے دب گئے۔

لوئر چترال کے علاقے سریگال دمیل ارندو میں شدید برفباری کے باعث ایک دلخراش حادثہ پیش آیا، یہ افسوسناک واقعہ بالا کے رہائشی باچا ولد گل محمد کے گھر پیش آیا۔

واقعے کے فوراً بعد علاقہ مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت ریسکیو کارروائی شروع کی جس کے نتیجے میں ملبے سے 9 افراد کی لاشیں نکال لی گئیں جب کہ ایک بچے کو زندہ حالت میں ملبے سے نکال لیا گیا۔

متاثرہ خاندان کے دیگر افراد کی تلاش اور مزید کارروائی جاری ہے تاہم شدید برفباری، سخت سردی اور دشوار گزار راستوں کے باعث امدادی کاموں میں مشکلات کا سامنا ہے۔

صدر مملکت کا افسوس کا اظہار

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے چترال میں برفانی تودہ گرنے سے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

صدرِ مملکت نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی تعزیت اور صبرِ جمیل کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ اللّہ تعالیٰ مرحومین کو جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ شدید بارش، برفباری اور اچانک شدید سردی موسمیاتی ہنگامی صورتحال کی واضح نشانیاں ہیں، موسمی تبدیلیوں کے مطابق پیشگی تیاری اور نقصانات کم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

صدرِ پاکستان نے وفاقی، صوبائی اور مقامی اداروں کو ہدایت کی کہ متاثرہ علاقوں میں امدادی اقدامات تیز کریں اور عوام سے مسلسل رابطہ رکھیں۔ جدید ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال سے بروقت معلومات کی فراہمی اور عوام کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔

وزیر اعظم کی ہدایات

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے چترال میں برفانی تودہ گرنے سے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ وفاقی ریسکیو و ریلیف اداروں کو صوبائی حکومت کے ساتھ تعاون سے امدادی کاروائیاں تیز کرنے کی ہدایت کی۔

وزیرِ اعظم نے متاثرین کو فوری محفوظ مقامات پر پہنچانے کے حوالے سے اقدامات جاری کرتے ہوئے چیئرمین این ڈی ایم اے کو ملک کے پہاڑی علاقوں میں برف باری کے بعد کی صورتحال کی نگرانی اور متعلقہ اداروں سے رابطہ رکھنے کی بھی ہدایت کی تاکہ کسی بھی ممکنہ صورتحال سے نمٹا جاسکے۔

محسن نقوی کی لواحقین سے دلی ہمدردی

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے لوئر چترال میں برفانی تودہ گرنے سے ایک ہی خاندان کے 9 افراد کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر اظہار افسوس کیا۔

وزیر داخلہ نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ سوگوار خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

متعلقہ خبریں