لاہور: شیخ زاید میڈیکل کمپلیکس لاہور میں ڈاکٹروں کے لیے اسٹارم ٹراما آپریٹو اینڈ ریسسیٹیٹو مینجمنٹ کورس کا کامیاب انعقاد کیا گیا جس کا مقصد شدید زخمی مریضوں کے فوری، مؤثر اور معیاری علاج کے جدید اصولوں پر عملی تربیت فراہم کرنا تھا۔
تقریب کی پیٹرن انچیف پروفیسر ڈاکٹر عائشہ ہمایوں، چیئرپرسن اینڈ ڈین، شیخ زاید میڈیکل کمپلیکس تھیں۔ کورس میں ملک بھر کے مختلف طبی اداروں سے تعلق رکھنے والے سینئر ڈاکٹرز اور معروف ماہرین نے شرکت کی۔
شرکاء میں پروفیسر خالد مسعود گوندل وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی، پروفیسر عمران انور سربراہ شعبہ جنرل سرجری شیخ زاید ہسپتال لاہور، پروفیسر محمود ایاز، پروفیسر فاروق افضل، پروفیسر ہارون جاوید مجید، پروفیسر معید اقبال قریشی اور ڈاکٹر عامر جمیل سمیت دیگر ممتاز طبی ماہرین شامل تھے۔
کورس کے دوران ٹراما سرجری، ایمرجنسی مینجمنٹ اور ریسسیٹیشن سے متعلق جدید اور عملی پہلوؤں پر تفصیلی تربیت دی گئی۔
ماہر فیکلٹی ممبران اور معروف سرجنز نے عملی مشقوں کے ذریعے شرکاء کو ہنگامی حالات میں بروقت فیصلے کرنے اور مریضوں کی جان بچانے کی جدید طبی تکنیکوں سے آگاہ کیا۔
اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر عائشہ ہمایوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ ایسے تربیتی پروگرامز کسی بھی صحت کے ادارے کے لیے نہایت اہم ہوتے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ جدید مہارتوں سے لیس ڈاکٹرز ہی بروقت اور معیاری علاج کو یقینی بناسکتے ہیں اور شیخ زاید میڈیکل کمپلیکس اس مقصد کے لیے مسلسل اقدامات کر رہا ہے۔
پروفیسر عمران انور نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ یہ کورس ڈاکٹروں کے لیے ایک انتہائی مفید تربیتی موقع ثابت ہوا ہے جس سے ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں نمایاں بہتری آئے گی۔ مستقبل میں بھی ایسے تربیتی پروگرامز کو تسلسل کے ساتھ جاری رکھا جائے گا۔
کورس کے شرکاء نے پروگرام کو معلوماتی اور عملی لحاظ سے انتہائی مفید قرار دیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ اس تربیت کے ذریعے وہ اپنے اداروں میں ٹراما مریضوں کی دیکھ بھال کے معیار کو مزید بہتر بناسکیں گے۔



















