Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پنجگور میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن، تین بھارتی اسپانسرڈ دہشت گرد ہلاک

علاقے کو بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردوں سے مکمل طور پر پاک کرنے کے لیے سینیٹائزیشن اور کلیئرنس آپریشنز جاری

سیکیورٹی فورسز نے پنجگور میں کامیاب آپریشن کے دوران بھارتی پراکسی فتنہ الہندوستان کے 3 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع پنجگور میں بھارتی پراکسی فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی گئی، جس کے دوران سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

آپریشن کے نتیجے میں مقامی کمانڈر فاروق عرف سورو سمیت بھارتی اسپانسرڈ دہشت گرد عدیل اور وسیم ہلاک ہو گئے۔

مزید پڑھیں: ایک ذہنی مریض کا بیانیہ قومی سلامتی کیلئے خطرہ بن چکا ہے، ڈی جی آئی ایس پی آر

مارے جانے والے دہشت گردوں کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ، ایمونیشن اور دھماکہ خیز مواد برآمد کیا گیا۔ ہلاک دہشت گرد علاقے میں دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے کو بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردوں سے مکمل طور پر پاک کرنے کے لیے سینیٹائزیشن اور کلیئرنس آپریشنز جاری ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ وژن “عزمِ استحکام” کے تحت سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے انسدادِ دہشت گردی کی انتھک کارروائیاں جاری رکھیں گے اور ملک سے غیر ملکی اسپانسرڈ دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔