لاہور ہائیکورٹ میں سولہ سال سے کم عمر بچوں کے سوشل میڈیا استعمال پر پابندی سے متعلق درخواست اعتراضات دور کرنے کے بعد دوبارہ دائر کر دی گئی۔
رجسٹرار آفس نے اس سے قبل متعلقہ دستاویزات منسلک نہ ہونے پر اعتراض عائد کیا تھا۔ یہ درخواست طالبہ عالیہ سلیم نے اپنی وکیل شیزا کے توسط سے دائر کی ہے، جس میں وفاقی حکومت، پی آئی اے اور دیگر متعلقہ اداروں کو فریق بنایا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: فلمی کہانی حقیقت میں، 12 سالہ بچے نے کرسمس چور پکڑوا دیا
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ سوشل میڈیا بچوں کی ذہنی، اخلاقی اور تعلیمی نشوونما پر منفی اثرات مرتب کر رہا ہے، جبکہ کمسن بچوں میں اس کے بے جا استعمال سے مختلف نفسیاتی مسائل بھی جنم لے رہے ہیں۔
درخواست گزار کے مطابق بچوں کے بنیادی حقوق کا تحفظ ریاست کی آئینی ذمہ داری ہے، اس لیے عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ بچوں کی بہتر نشوونما اور کردار سازی کے لیے سولہ سال سے کم عمر بچوں کے سوشل میڈیا استعمال پر پابندی کا حکم دیا جائے۔
