کراچی میں سردی نے اچانک شدت اختیار کر لی ہے اور آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم مزید خشک اور سرد رہنے کے آثار نمایاں ہیں۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ شہر کا درجہ حرارت سنگل ڈیجٹ میں برقرار رہ سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کم سے کم درجہ حرارت 9 ڈگری سینٹی گریڈ تک گرنے کا امکان ہے، جبکہ دن کے اوقات میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 23 ڈگری تک پہنچ سکتا ہے۔
شہر میں دن اور رات کے درجہ حرارت میں نمایاں فرق شہریوں کو مزید سردی کا احساس دلا رہا ہے، اعداد و شمار کے مطابق آج کراچی کا کم سے کم درجہ حرارت 12.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
اس وقت فضا میں نمی کا تناسب 47 فیصد ہے، جو سردی کے احساس میں اضافے کا سبب بن رہا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر میں مشرقی سمت سے ہوائیں چل رہی ہیں، جن کی رفتار 8 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی ہے۔ ان ہواؤں کے باعث سردی کی شدت مزید بڑھنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ماہرین نے شہریوں کو رات اور صبح کے اوقات میں خصوصی احتیاط کی ہدایت کی ہے۔خصوصاً بزرگوں اور بچوں کے لیے گرم کپڑوں کے استعمال پر زور دیا گیا ہے۔




















