Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پشین میں سی ٹی ڈی کی بڑی کارروائی؛ 10 دہشت گرد ہلاک

ہلاک ہونے والے ملزمان قتل، اقدامِ قتل اور اغوا جیسے سنگین مقدمات میں ملوث تھے، سی ٹی ڈی

کوئٹہ: بلوچستان کے علاقے پشین میں سی ٹی ڈی نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے 10 دہشت گرد وں کو ہلاک کردیا جب کہ اس دوران 10 اہلکار بھی معمولی زخمی ہوئے۔

ڈی آئی جی کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ اعتزاز گورایہ اور وزیراعلیٰ بلوچستان کے معاون شاہد رند نے کوئٹہ میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے پشین میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے کی گئی کامیاب کارروائی کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔

شاہد رند نے کہا کہ پشین میں دہشت گردوں کی موجودگی سے متعلق اطلاعات موجود تھیں جس پر سیکیورٹی اداروں نے بروقت کارروائی کی۔

ان کا کہنا تھا کہ ریاست دشمن عناصر کے خلاف مؤثر آپریشن جاری رکھا جائے گا اور بندوق کی زبان میں بات کرنے والوں کو بندوق کی زبان میں ہی جواب دیا جائے گا۔

ڈی آئی جی سی ٹی ڈی اعتزاز گورایہ نے بتایا کہ کارروائی گزشتہ روز پشین میں کی گئی جس کے دوران ملزم ثنا اللہ سمیت 10 دہشت گرد مارے گئے۔

ان کے مطابق ہلاک ہونے والے ملزمان قتل، اقدامِ قتل اور اغوا جیسے سنگین مقدمات میں ملوث تھے جب کہ ان کے کالعدم تنظیموں سے روابط بھی سامنے آئے ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے راکٹ لانچر، کلاشنکوف اور بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد کیا گیا ہے۔

اعتزاز گورایہ کہتے ہیں کہ آپریشن کے دوران سی ٹی ڈی کے 10 اہلکار معمولی زخمی ہوئے جن کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی ہے۔

انہوں نے کہا دہشت گرد گروہ کے دیگر ارکان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں اور جہاں بھی ضرورت پڑی، سی ٹی ڈی بلا امتیاز کارروائی کرے گی۔

صدرِ مملکت کا خراج تحسین

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سی ٹی ڈی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

صدرِ مملکت نے 10 دہشت گردوں کی ہلاکت پر فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا اور کارروائی کے دوران زخمی ہونے والے اہلکاروں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں ملک اور خطے میں امن کے قیام کے لیے ناگزیر ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ بیرونی ایما پر ملک کا امن تباہ کرنے والوں کو کسی صورت سر اٹھانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

متعلقہ خبریں