Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

کراچی؛ گل پلازہ آتشزدگی کی تحقیقات میں اہم پیش رفت سامنے آگئی

سندھ اور پنجاب کی فارنزک ٹیمیں مشترکہ طور پر متحرک

کراچی کے ایم اے جناح روڈ پر واقع گل پلازہ میں آتشزدگی کے واقعے کی تحقیقات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔

ذرائع کے مطابق سندھ پولیس کے فارنزک یونٹ نے اربن سرچ اینڈ ریسرچ فورس پنجاب کے ساتھ مشترکہ تحقیقات کا فیصلہ کرلیا ہے۔

اس سلسلے میں سندھ پولیس کی فارنزک ٹیم نے گل پلازہ کا دورہ بھی کیا جبکہ اربن سرچ اینڈ ریسرچ فورس اور سندھ پولیس فارنزک یونٹ کے ماہرین کے درمیان تعارفی اجلاس ڈپٹی کمشنر ساؤتھ کے دفتر میں منعقد ہوا۔

ذرائع کے مطابق اربن سرچ اینڈ ریسرچ فورس جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے تحقیقات کر رہی ہے، جس کے تحت عمارت کے ان حصوں سے نمونے اکٹھے کیے جا رہے ہیں جو آگ سے محفوظ رہے تھے جبکہ سندھ پولیس کا فارنزک یونٹ پنجاب کے ماہرین کی معاونت کرے گا۔

مشترکہ تحقیقات کے دوران اس بات کا جائزہ لیا جائے گا کہ کم وقت میں اتنی بڑی عمارت کس طرح آگ کی لپیٹ میں آئی۔

اس کے ساتھ ساتھ آتشزدگی کے ابتدائی مقام اور آگ لگنے کی اصل وجہ کا تعین بھی کیا جائے گا۔

متعلقہ خبریں