Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

فیلڈ مارشل کا دورہ بہاولپور گیریژن؛ جدید ٹیکنالوجی پر مبنی مشق کا مشاہدہ

آرمی چیف کے مطابق ٹیکنالوجی کی تیز رفتار ترقی جنگی ارتقا کو مہمیز دے رہی ہے

راولپنڈی: چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بہاولپور گیریژن کا دورہ کیا اور جدید ٹیکنالوجیز پر مبنی مشق کا مشاہدہ کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف ڈیفنس فورسز اور چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بہاولپور چھاؤنی کا دورہ کیا، جہاں انہیں کور کی مختلف آپریشنل، تربیتی اور انتظامی امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، جس میں بالخصوص ملٹی ڈومین وارفیئر کی تیاریوں پر روشنی ڈالی گئی۔

دورے کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے خیرپور ٹامیوالی کے علاقے میں منعقدہ فیلڈ مشق ”اسٹیڈفاسٹ ریزولو “ کا مشاہدہ بھی کیا۔

 اس مشق میں جدید ٹیکنالوجیز بشمول بغیر پائلٹ فضائی نظام (ڈرونز)، جدید سرویلنس سسٹمز، الیکٹرانک وارفیئر سسٹمز اور جدید کمانڈ اینڈ کنٹرول میکنزم کا عملی مظاہرہ کیا گیا، تاہم یہ مشق مسلح افواج کی ٹیکنالوجی پر مبنی ملٹی ڈومین آپریشنز پر بھرپور توجہ کی عکاس ہے۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے مشق میں شریک فوجی دستوں سے خطاب کرتے ہوئے جوانوں کے بلند حوصلے، پیشہ ورانہ مہارت اور اعلیٰ سطح کی آپریشنل تیاری کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج ہر قسم کے خطرات سے نمٹنے، پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔

آرمی چیف نے مستقبل کے میدانِ جنگ اور بدلتے ہوئے سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مسلسل تیاری برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جدید جنگ کی نوعیت میں نمایاں تبدیلی آچکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی کی تیز رفتار ترقی جنگی ارتقا کو مہمیز دے رہی ہے، جس کے باعث تمام سطحوں پر تبدیلی ناگزیر ہو چکی ہے جبکہ پاکستان کی مسلح افواج مختلف شعبوں میں بڑے پیمانے پر تبدیلی کے عمل سے گزر رہی ہیں۔

دورے کے موقع پر فیلڈ مارشل عاصم منیر نے روہی ای اسکلز لرننگ ہب (ایس ٹی پی) کا افتتاح بھی کیا، اس منصوبے کا مقصد بالخصوص جنوبی پنجاب اور ملک بھر کے طلبہ کے لیے ڈیجیٹل مہارتوں اور جدید سیکھنے کے مواقع کو فروغ دینا ہے۔

اس کے علاوہ چیف آف ڈیفنس فورسز نے اے پی ایس عباسیہ کیمپس کا بھی افتتاح کیا، جو معیاری تعلیم اور کردار سازی کے لیے پاک فوج کے عزم کی توثیق کرتا ہے۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ای ایم ای ریجنل ورکشاپ کا دورہ بھی کیا، جہاں انہیں برقرار رکھنے کے جدید مینٹیننس نظام، جدید ٹیکنالوجیز کے استعمال، مقامی تیاری اور دیگر کامبیٹ سپورٹ اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔

بہاولپور گیریژن پہنچنے پر چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز عاصم منیر کا استقبال کمانڈر بہاولپور کور نے کیا۔

 بعد ازاں فیلڈ مارشل نے یادگارِ شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی اور شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

متعلقہ خبریں