پاک بحریہ نے چودویں بار کمبائن ٹاسک فورس (سی ٹی ایف) 150 کی کمان سنبھالی ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کمان سنبھالنے کی تقریب کمبائنڈ میری ٹائم فورسز ہیڈ کوارٹرز بحرین میں منعقد ہوئی جس میں پاک بحریہ کی طرف سے کموڈور محمد یاسر طاہر نے سی ٹی ایف 150 کی کمان سنبھالی۔
سعودی شاہی بحری فورسز کے کوموڈور فہد الجوید نے کمان پاکستان نیوی کے کوموڈور محمد یاسر طاہر کے حوالے کی۔
نئے کمانڈر محمد یاسر طاہر نے ذمہ داری سنبھالنے پر علاقائی سمندری سلامتی کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ سی ٹی ایف 150 کی کمان سنبھالنا پاکستان نیوی کے لیے اعزاز ہے۔

انکا مزید کہنا تھا کہ غیر قانونی سمندری سرگرمیوں کے خلاف مؤثر کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی، اہم بحری تجارتی راستوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق سی ٹی ایف 150 کمبائنڈ میری ٹائم فورسز کے تحت کام کرنے والی پانچ ٹاسک فورسز میں شامل ہے، جس کا مشن منشیات، اسلحہ اور غیر قانونی اشیاء کی اسمگلنگ روکنا ہے، ٹاسک فورس انڈین اوشن، بحیرہ عرب اور خلیج عمان میں آپریشنز انجام دیتی ہے۔

سعودی نیوی کی کمان کے دوران پاکستان نیوی کی کامیاب انسداد منشیات کارروائیاں قابلِ ذکر رہیں، پاکستان نیوی کی کارروائیاں علاقائی امن و سلامتی کے عزم کا عملی ثبوت ہیں۔
یاد رہے کہ تقریب میں بحرین میں پاکستان کے سفیر نے بھی شرکت کی جبکہ کمانڈر کمبائنڈ میری ٹائم فورس، رائل بحرین نیول فورسز کے سربراہ اور کمبائنڈ میری ٹائم فورسز کے تحت کام کرنے والی مختلف بحری افواج کے نمائندے بھی تقریب میں موجود تھے۔




















