Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

بورڈ آف پیس کو خلوص نیت سے جوائن کیا جو فلسطینوں کے لیے امن کی امید ہے، دفتر خارجہ

پاکستان سفارتکاری کے ذریعے مسائل کے حل پر یقین رکھتا ہے، ایران سے متعلق سوال پر دفتر خارجہ کا ردعمل

اسلام آباد: ترجمان دفترخارجہ طاہر حسین اندرابی نے ہفتہ وار میڈیا بریفنگ میں کہا کہ بورڈ آف پیس کو صرف پاکستان نے ہی نہیں جوائن کیا بلکہ سات دیگر ممالک بھی ہیں، تمام 8 ممالک نے صرف ایک ہی مقصد کے لیے جوائن کیا اور بورڈ آف پیس فلسطینوں کے لیے امن کی امید ہے۔

ترجمان دفترخارجہ نے میڈیا بریفنگ میں پاکستان کی حالیہ سفارتی سرگرمیوں، اعلیٰ سطحی دوروں اور عالمی سطح پر رابطوں سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا۔

ترجمان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے 20 سے 22 جنوری تک سوئٹزرلینڈ میں ورلڈ اکنامک فورم کے 56 ویں سالانہ اجلاس میں اعلیٰ سطحی وفد کی قیادت کی۔ فورم کے دوران وزیراعظم نے عالمی اقتصادی رہنماؤں کے اجلاس اور ’’منقسم دنیا میں مکالمے کی بحالی‘‘ کے خصوصی سیشن میں شرکت کی۔

ورلڈ اکنامک فورم کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف کی متعدد عالمی رہنماؤں اور وزرائے اعظم سے ملاقاتیں ہوئیں جب کہ آئی ایم ایف کی مینجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا سے بھی ملاقات کی گئی۔ وزیراعظم نے پاکستان پویلین میں منعقدہ پاکستان بریک فاسٹ سے بھی خطاب کیا۔ فورم کے دوران پاکستان اور سات دیگر ممالک نے ایک مشترکہ اعلامیہ بھی جاری کیا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری 26 سے 29 جنوری تک متحدہ عرب امارات کے سرکاری دورے پر ہیں۔

صدر زرداری نے ابوظہبی میں متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان سے ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں، بالخصوص تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

یہ دورہ اماراتی صدر کے حالیہ دورہ پاکستان کا فالو اپ ہے اور دونوں ممالک کے دیرینہ تعلقات کا عکاس ہے۔

ترجمان کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے وزیراعظم کے ہمراہ ورلڈ اکنامک فورم میں شرکت کی، جہاں ان کی کینیڈا، فن لینڈ اور تھائی لینڈ کے وزرائے خارجہ سے ملاقاتیں ہوئیں۔ اس کے علاوہ اسحاق ڈار نے آئی سی آر سی کی صدر سے بھی ملاقات کی۔

نائب وزیراعظم نے واپسی پر ابوظہبی میں اسٹاپ اوور کیا، جہاں انہوں نے ٹیلی کام کے شعبے سے وابستہ اعلیٰ عہدیداران سے ملاقاتیں کیں۔

اسحاق ڈار کی قطری وزیر مملکت ڈاکٹر محمد بن عبدالعزیز سے ٹیلی فونک گفتگو بھی ہوئی جس میں پاک قطر دو طرفہ تعاون اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ رواں ہفتے میانمار کے وزیر مملکت برائے خارجہ امور نے پاکستان کا دورہ کیا جس کے دوران دونوں ممالک کے درمیان مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔

اس کے علاوہ اسحاق ڈار کی ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی سے دو مرتبہ ٹیلی فون پر بات ہوئی جب کہ قطر، مصر اور بنگلادیش کے وزرائے خارجہ سے بھی رابطے کیے گئے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ پاکستان اور بیلجئیم کے درمیان باہمی سیاسی مشاورت کا دور منعقد ہوا جب کہ پاکستان اور گھانا کے درمیان بھی پہلی مرتبہ سیاسی مشاورت کا افتتاحی اجلاس ہوا۔ دونوں مواقع پر دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے پر زور دیا گیا۔

ترجمان نے یہ بھی بتایا کہ امریکا کی جانب سے ٹریول ایڈوائزری کو اپ گریڈ کیا گیا ہے جس کے بعد مزید پاکستانی امریکا سے پاکستان کا سفر کرسکیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس اقدام سے پاکستان کا تاثر ایک محفوظ ملک کے طور پر اجاگر ہوتا ہے۔

طاہر حسین اندرابی نے کہا کہ قازقستان کے صدر جلد پاکستان کا دورہ کریں گے تاہم دورے کی تاریخوں کا اعلان مناسب وقت پر کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ دورے کے دوران مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں کی توقع ہے تاہم اس مرحلے پر تفصیلات بتانا قبل از وقت ہوگا۔

غزہ کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان نے سات اسلامی ممالک کے ساتھ مل کر غزہ امن منصوبے کے لیے بورڈ آف پیس میں شمولیت اختیار کی ہے جو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 2803 کے تحت تشکیل دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بورڈ آف پیس فلسطینی عوام کے لیے امن کی امید ہے اور تمام آٹھ ممالک نے خلوص نیت کے ساتھ ایک ہی مقصد کے لیے اس میں شمولیت اختیار کی ہے۔

ایران سے متعلق سوال پر ترجمان نے کہا کہ پاکستان سفارتکاری کے ذریعے مسائل کے حل پر یقین رکھتا ہے کیونکہ خطہ کسی بھی جنگ کا متحمل نہیں ہوسکتا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان تجارتی روابط مستحکم ہیں اور پاکستان عالمی سطح پر امن، مکالمے اور تعاون کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔