اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے پی آئی اے کی نجکاری کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عارف حبیب کنسورشیم کی محنت سے پی آئی اے کی عظمت دوبارہ بحال ہوگی۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ یہ تقریب تاریخی اہمیت کی حامل ہے اور پوری قوم مبارکباد کی مستحق ہے۔ نجکاری کا عمل مکمل شفاف طریقے سے انجام پایا اور اس میں شریک تمام شراکت داروں کی کوششیں قابلِ ستائش ہیں۔
وزیراعظم نے بتایا کہ عارف حبیب کنسورشیم ملک کی صنعتی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا اور یقین ہے کہ پی آئی اے کے مسافروں کو آرام دہ، محفوظ اور وقار سے بھرپور سفر فراہم کرنا اولین ترجیح ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز ایک زمانے میں ہوا بازی کے شعبے میں ایک نمایاں مقام رکھتی تھی اور اب پُرامید ہیں کہ پی آئی اے کی عظمت رفتہ بحال ہوگی۔
شہباز شریف کہتے ہیں کہ سہولیات کی بہتری سے ادارے کا معیار بھی بہتر ہوگا اور یہ عمل ملک کے وقار کو بلند کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔ انہوں نے مشیر نجکاری محمد علی اور حکومتی ٹیم کے کردار کو بھی سراہا۔
وزیراعظم نے کنسورشیم کی بھرپور شرکت اور محنت کو لائقِ تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی محنت اور جذبے سے پاکستان کے وقار میں اضافہ ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ بہترین سفری سہولیات کی فراہمی سے پی آئی اے ایک بار پھر اپنے نام اور معیار کے حوالے سے پہچانی جائے گی۔
شہباز شریف نے تقریب میں اس بات پر بھی زور دیا کہ تمام چیلنجز پر قابو پاتے ہوئے نجکاری کا عمل انتہائی شفاف انداز میں مکمل کیا گیا اور اس میں کسی قسم کی کمی یا خلل نہیں آنے دیا گیا۔



















