اسلام آباد: صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کے پہلے میچ میں قومی ٹیم کی کامیابی پر اظہارِ مسرت کیا ہے۔
صدر آصف زرداری نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ قومی کرکٹ ٹیم کی قابلِ فخر فتح نے کھیل کے میدان میں پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کیا، کھلاڑیوں کی منظم حکمتِ عملی، اعلیٰ نظم و ضبط اور ٹیم ورک نے میدان میں پاکستان کا وقار بلند کیا۔
صدرِ مملکت نے قومی کرکٹ ٹیم کیلئے آئندہ میچز میں مزید کامیابیوں کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قومی ٹیم کی بہترین کارکردگی پر پاکستان کرکٹ بورڈ بالخصوص چیئرمین محسن نقوی مبارک کے مستحق ہیں۔
دوسری جانب وزیرِاعظم شہباز شریف نے بھی پاکستان اور اسٹریلیا کے مابین ٹی 20 سیریز کے پہلے میچ میں فتح پر پاکستانی کرکٹ ٹیم کی شاندار کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کرکٹ کے شائقین کو مبارکباد پیش کی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے شاہینوں بالخصوص بالرز نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا، ٹیم اگر یونہی لگن سے محنت کرتی رہی تو پوری سیریز جیتنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ ایک عرصے بعد آسٹریلیا جیسی مضبوط ٹیم کے خلاف میچ میں فتح بلاشبہہ کھلاڑیوں کی محنت کا نتیجہ ہے، چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن رضا نقوی، انکی ٹیم اور کوچز بھی اس فتح پر لائق تحسین ہیں، سیریز کے آئندہ میچز کیلئے مجھ سمت پوری ٹیم کی نیک تمنائیں پاکستانی کرکٹ ٹیم کے شاہینوں کے ساتھ ہیں۔

















