ایس آئی ایف سی پاکستان کی عالمی اقتصادی شراکت داری اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے، پاکستان نے حالیہ عالمی اقتصادی فورم میں معیشت کی مضبوط بنیاد اور مالیاتی اصلاحات کو مؤثر انداز میں اجاگر کیا۔
وفاقی وزیرِ خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے عالمی مالیاتی رہنماؤں اور سرمایہ کاروں سے اہم ملاقاتیں کیں جس میں عالمی مالیاتی قیادت نے پاکستان کی معاشی پیش رفت اور اصلاحاتی اقدامات کو بھرپور سراہا۔
ایشیائی ڈویلپمنٹ بینک کے صدر کے مطابق پاکستان اصلاحاتی اقدامات اور بڑھتے ہوئے مارکیٹ اعتماد کے باعث اقتصادی تبدیلی کے اہم مرحلے میں داخل ہو رہا ہے۔
فورم میں بیرونی سرمایہ کاروں کی بڑی تعداد نے پاکستان میں نمایاں سرمایہ کاری کے اہم اعلانات کیے۔ مشیر وزیر خزانہ خرم شہزاد کے مطابق سرمایہ کاری کے میدان میں بہت اچھی پیش رفت ہوئی ہے، وزیراعظم سمیت وفاقی وزرا کے وفد کے دورۂ ڈیوس 2026 کے دوران عالمی سرمایہ کاروں کی جانب سے پاکستان میں سرمایہ کاری کے انتہائی اہم اعلانات کیے گئے۔
انہوں نے بتایا کہ نیسلے نے پاکستان میں مزید 17 ارب روپے کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے، نیسلے پاکستان کو ایک علاقائی ایکسپورٹ ہب بنانے جا رہی ہے، جہاں سے 26 ممالک کو برآمدات کی جائیں گی۔
خرم شہزاد نے مزید کہا کہ آذربائیجان کی سوکار کمپنی پاکستان کی آئل اینڈ گیس مارکیٹ میں بڑی سرمایہ کاری کرنے جارہی ہے، کویت کے رقمی اسلامی ڈیجیٹل بینک نے بھی پاکستان میں ڈیجیٹل بینک قائم کرنے کے لیے 100 ملین ڈالر سرمایہ کاری کا اعلان کیا، پاکستان میں ڈیجیٹل معیشت کے فروغ کے ساتھ بیرونی سرمایہ کاری میں بھی مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
تاہم، ایس آئی ایف سی کی اصلاحات اور سہولت کاری سے عالمی سرمایہ کاری میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور سرمایہ کاروں کا اعتماد مزید مستحکم ہوا ہے۔


















