اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے صنعتوں کیلئے بجلی کے ٹیرف میں 4 روپے 4 پیسے کمی کا اعلان کردیا اور کہا کہ میرا بس چلے تو ٹیرف مزید 10 روپے کم کردوں لیکن میرے ہاتھ بندھے ہیں جبکہ انہوں نے انڈسٹری کیلئے ویلنگ چارجز میں 9 روپے کمی کا بھی اعلان کیا۔
وزیراعظم نے ملکی معیشت میں نمایاں کردار ادا کرنے والے کاروباری شخصیات اور برآمد کنندگان کو ایوارڈز دینے کی تقریب میں شرکت کی۔
اس موقع پر وزیراعظم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی کوششوں سے مہنگائی میں بتدریج کمی آئی ہے اور مہنگائی سنل ڈیجٹ تک پہنچ گئی ہے۔ پالیسی ریٹ 22 فیصد سے کم ہوکر ساڑھے 10 فیصد تک آگیا ہے جبکہ آئی ایم ایف نے پاکستان کے لیے معاشی پروگرام کی منظوری دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت سنبھالنے کے وقت ملک کی معیشت مشکل صورتحال میں تھی اور پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچانا بڑا چیلنج تھا۔
شہباز شریف نے برآمد کنندگان کی محنت کو سراہتے ہوئے کہا کہ مشکل حالات میں ان کی کوششوں سے اربوں ڈالر کی آمد ہوئی اور 2025 میں ملکی برآمدات میں نمایاں اضافہ ہوا۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کا کام کاروبار کرنا نہیں بلکہ کاروباری ماحول کو سازگار بنانا ہے اور ملکی معیشت میں بہتری کے لیے کاروباری برادری کے ساتھ ملاقاتیں جاری رکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ بہتر معاشی پالیسیوں اور دوست ممالک کے تعاون کی وجہ سے ملکی زرمبادلہ دگناہ ہوچکا ہے اور پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہوگا۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ برآمدات پر مبنی ترقی ہی ملک کے لیے واحد راستہ ہے اور کاروباری برادری نے شبانہ روز محنت کر کے پاکستان کا نام روشن کیا ہے۔


















