Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

آئی ایس پی آر ونٹر انٹرن شپ پروگرام 2026؛ مختلف شہروں میں کامیابی سے جاری

آئی ایس پی آر ونٹر انٹرن شپ پروگرام نوجوان قیادت کو ملکی ترقی و خوشحالی کے لیے تیار کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے

آئی ایس پی آر ونٹر انٹرن شپ پروگرام 2026 نوجوانوں میں قومی شعور اجاگر کرنے کی اہم کاوش ہے، جو پاکستان کے مختلف شہروں میں کامیابی سے جاری ہے۔

آئی ایس پی آر ونٹر انٹرن شپ کے دوران وفاقی سیکریٹری محی الدین احمد وانی کی طلبا کے ساتھ خصوصی نشست کا انعقاد کیا گیا۔

خصوصی نشست کے دوران وفاقی سیکریٹری محی الدین احمد وانی  نے’’کشمیر پاکستان کی شہ رگ‘‘ پر  تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا کہ بھارت کا مقبوضہ کشمیر میں امن کا دعویٰ حقائق کے برعکس اور گمراہ کن ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے کشمیری مہاجرین کو پناہ گزین نہیں بلکہ بھائیوں کی طرح قبول کیا، پاکستان نے کشمیری مہاجرین  کو مکمل شہری حقوق دے کر دنیا میں منفرد مثال قائم کر دی ہے۔

وفاقی سیکریٹری محی الدین احمد وانی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر سے آنے والے خاندانوں نے مظلومیت کارڈ  کے بجائےمحنت  کر کے پاکستان کی خدمت کی،  2فیصد مخصوص کوٹہ ہونے کے باوجود کشمیری تقریباً پاکستان کے ہر شعبے میں 10 فیصد کے قریب نمایاں نمائندگی کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ڈی جی آئی ایس پی آر کی جامعہ کراچی میں طلباء و اساتذہ کے ساتھ خصوصی نشست

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں  نے بھارتی دعوؤں کو جھوٹا ثابت کردیا ہے، آرٹیکل 370 کی منسوخی اور سیاسی قیادت کی گرفتاریاں مقبوضہ کشمیر میں نام نہاد امن کا پول کھول چکی ہیں۔

محی الدین احمد وانی   نے مزید کہا کہ نوجوان کشمیر کی آزادی کی آواز بنے رہیں، اصولوں پر ثابت قدمی ہی کامیابی کی کنجی ہے۔

آئی ایس پی آر ونٹر انٹرن شپ پروگرام نوجوان قیادت کو ملکی ترقی و خوشحالی کے لیے تیار کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔