Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

تیراہ میں کوئی بڑا فوجی آپریشن نہیں ہو رہا، صرف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز جاری ہیں؛ سیکیورٹی ذرائع

آخری دہشت گرد کے خاتمے تک انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز جاری رہیں گے، سیکیورٹی ذرائع

کراچی میں سیکیورٹی حکام نے میڈیا کے نمائندوں کو تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے تیراہ اور دیگر حساس علاقوں میں سیکیورٹی صورتحال پر وضاحت کی اور صحافیوں کے سوالات کے جواب دیے۔

سیکیورٹی ذرائع نے واضح کیا کہ تیراہ میں کسی بڑے فوجی آپریشن کا کوئی وجود نہیں بلکہ گزشتہ تین برسوں سے صرف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے جارہے ہیں۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خلاف کارروائیاں خفیہ معلومات کی بنیاد پر کی جارہی ہیں جو دہشت گردی کے خلاف سب سے مؤثر حکمتِ عملی ثابت ہورہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں انٹیلی جنس رپورٹس کی بنیاد پر جاری ہیں اور آخری دہشت گرد کے خاتمے تک یہ عمل جاری رہے گا۔

بریفنگ کے دوران سیکیورٹی ذرائع نے تیراہ میں فوجی آپریشن سے متعلق خبروں کو جھوٹا اور بے بنیاد پروپیگنڈہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ علاقے میں نہ تو فوج کی تعداد میں کوئی اضافہ کیا گیا ہے اور نہ ہی کسی قسم کی اندر یا باہر جانے والی چیک پوسٹس قائم کی گئی ہیں۔

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا تھا کہ موجودہ موسم بھی کسی بڑے فوجی آپریشن کے لیے موزوں نہیں جب کہ دہشت گردوں اور جرائم پیشہ عناصر کے درمیان گٹھ جوڑ بے نقاب ہوچکا ہے۔

میڈیا بریفنگ میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ فوج اور عوام کے درمیان مضبوط رشتہ ہے جس میں کوئی بھی منفی بیانیہ یا پروپیگنڈہ دراڑ نہیں ڈال سکتا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق قبائلی عوام اور معززین سے مشاورت کے بغیر کوئی فیصلہ نہیں کیا جاتا اور تمام اقدامات مقامی آبادی کی مرضی، حالات اور روایات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیے جاتے ہیں۔

بلوچستان کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے سیکیورٹی ذرائع نے کہا کہ فتنہ الہندوستان دراصل عوامی سہولتوں، ترقی اور امن کا دشمن ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ احساسِ محرومی کا نعرہ لگاکر دہشت گردی کرنے والے عناصر کو بلوچستان کے عوام بخوبی پہچان چکے ہیں اور ایسے عناصر کو کسی قسم کی عوامی حمایت حاصل نہیں۔

متعلقہ خبریں