اسلام آباد: ترک مسلح افواج کے چیف آف ڈیفنس فورسز اور چیف آف جنرل اسٹاف جنرل سلچوک بیرقدار اوغلو نے وزیرِ دفاع خواجہ محمد آصف سے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان اور ترکی کے درمیان دیرینہ تاریخی، دوستانہ اور برادرانہ تعلقات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
ملاقات کے دوران فریقین نے اس امر کا اعادہ کیا کہ پاک ترک تعلقات مشترکہ تاریخ، اقدار اور باہمی احترام پر مبنی ہیں جو وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہوتے جارہے ہیں۔
دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ دفاعی تعاون اور خطے کی مجموعی سکیورٹی صورتحال پر بھی تبادلۂ خیال کیا۔
ترک چیف آف ڈیفنس فورسز جنرل سلچوک بیرقدار اوغلو نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کے مثبت اور مؤثر کردار کو سراہا۔
انہوں نے افغانستان سمیت خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے ترکی کے عزم کا بھی اظہار کیا۔
اس موقع پر ترک سی ڈی ایف نے تنازعات سے بچاؤ، باہمی مشاورت اور مشترکہ کاوشوں کے ذریعے اجتماعی سلامتی کو فروغ دینے پر زور دیا جب کہ دونوں ممالک کے درمیان قریبی تعاون کو خطے کے امن کے لیے ناگزیر قرار دیا گیا۔
وزیرِ دفاع خواجہ محمد آصف نے مشکل اوقات میں ترک قیادت اور ترک عوام کی جانب سے پاکستان کی مسلسل حمایت اور اصولی مؤقف پر دلی شکریہ ادا کیا اور دونوں برادر ممالک کے تعلقات کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔

















