Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ترک چیف آف جنرل اسٹاف کی فیلڈ مارشل سے ملاقات؛ دفاعی تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

پاک فوج کے سربراہ نے ترک مسلح افواج کے ساتھ دیرینہ تعاون کو سراہتے ہوئے عسکری روابط مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔

راولپنڈی: ترک مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف جنرل سلجوق بیرکتار اوغلو نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جی ایچ کیو آمد پر ترک چیف آف جنرل اسٹاف کو افواجِ پاکستان کی جانب سے دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔

ملاقات کے دوران پاک ترک عسکری قیادت کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور، اہم علاقائی اور عالمی سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں ممالک کے مابین دفاعی اور عسکری تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اس موقع پر پاکستان اور ترکی کے برادرانہ تعلقات کو مشترکہ تاریخ، باہمی اعتماد اور احترام پر مبنی قرار دیا۔

پاک فوج کے سربراہ نے ترک مسلح افواج کے ساتھ دیرینہ تعاون کو سراہتے ہوئے عسکری روابط مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔

ترک چیف آف جنرل اسٹاف جنرل سلجوق بیرکتار اوغلو نے پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، قربانیوں اور خطے میں امن و استحکام کے لیے کردار کی تعریف کی۔

انہوں نے کہا کہ ترکی، پاکستان کے ساتھ عسکری تربیت، مشترکہ مشقوں اور استعداد کار بڑھانے کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے۔

ملاقات میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ دفاعی تعاون کے فروغ اور خطے میں بدلتی ہوئی سیکیورٹی صورتحال کے تناظر میں قریبی رابطہ کاری کو جاری رکھا جائے۔

آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ جنرل سلجوق بیرکتار اوغلو کا دورہ پاکستان، پاکستان اور ترکی کے درمیان دیرینہ اسٹریٹجک شراکت داری، مضبوط دفاعی تعلقات اور باہمی اعتماد کا واضح عکاس ہے۔

متعلقہ خبریں