Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پی سی ایم اے کا برآمدی شعبے کیلئے حکومتی مراعاتی پیکیج کا خیرمقدم

مراعات برآمدات اور صنعتی استحکام میں اضافہ کریں گی

 پاکستان کلاتھ مرچنٹس ایسوسی ایشن (پی سی ایم اے) کے چیئرمین احمد چنائے نے وزیراعظم کی جانب سے برآمدات کے فروغ اور صنعتی شعبے کے لیے اعلان کردہ ریلیف اقدامات کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ فیصلے ملکی معیشت، خصوصاً برآمدی شعبے کے استحکام کے لیے نہایت اہم ہیں۔

انہوں نے ایکسپورٹ ری فنانس اسکیم (ای آرایس) کی شرح میں 300 بیسس پوائنٹس کمی کو سراہتے ہوئے کہا کہ شرح سود کو 7.5 فیصد سے کم کر کے 4.5 فیصد کرنا برآمد کنندگان کے لیے ایک بڑا سہارا ثابت ہوگا، جس سے ورکنگ کیپیٹل پر دباؤ کم اور عالمی منڈی میں مسابقتی صلاحیت بہتر ہو گی۔

احمد چنائے نے صنعتی بجلی کے نرخوں میں تقریباً 4 روپے فی یونٹ کمی اور وہیلنگ چارجز میں 4.04 روپے فی یونٹ کمی کو بھی صنعت دوست اقدام قرار دیا۔

 ان کا کہنا تھا کہ توانائی کی لاگت میں کمی سے خاص طور پر ٹیکسٹائل سمیت توانائی پر انحصار کرنے والی صنعتوں کو ریلیف ملے گا جو طویل عرصے سے بلند پیداواری اخراجات کا سامنا کر رہی ہیں۔

چیئرمین پی سی ایم اے کے مطابق کم فنانسنگ لاگت اور سستی توانائی صنعتوں کی لیکویڈیٹی بہتر بنانے، پیداواری لاگت کم کرنے اور کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے میں مددگار ثابت ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ یہ ریلیف پیکج نہ صرف برآمدات میں اضافے کا باعث بنے گا بلکہ برآمد کنندگان کی قرضوں کی ادائیگی کی صلاحیت کو بھی بہتر بنائے گا، جس سے صنعتی شعبے میں پائیدار سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔

پی سی ایم اے نے حکومت پر زور دیا کہ ان اقدامات کے مؤثر فوائد یقینی بنانے کے لیے عملدرآمد سے متعلق واضح، شفاف اور بروقت رہنما اصول جاری کیے جائیں۔

احمد چنائے نے مزید کہا کہ پی سی ایم اے حکومت کے ساتھ مسلسل رابطے اور تعاون کے لیے تیار ہے تاکہ ٹیکسٹائل ویلیو چین کو مزید مستحکم کیا جا سکے اور ملک میں برآمدات پر مبنی پائیدار معاشی ترقی کو فروغ دیا جا سکے۔