Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

بلوچستان: فتنہ الہندوستان کے دہشت گردانہ حملے ناکام؛ 67 دہشتگرد جہنم واصل، 10 جوان شہید

دہشت گردوں نے بلوچستان کے 12 مختلف مقامات پر بزدلانہ حملے کیے۔

سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں فتنہ الہندوستان کے دہشت گردانہ حملے ناکام بناتے ہوئے 67 دہشت گردوں کو جہنم واصل کردیا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق گزشتہ رات فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں نے بلوچستان کے 12 مختلف مقامات پر بزدلانہ حملے کیے، سیکیورٹی فورسز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے بروقت اور مؤثر کارروائی کے نتیجے میں یہ تمام حملے ناکام بنادیے گئے ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ ان دہشت گردانہ کارروائیوں میں اب تک فتنہ الہندوستان کے 67 دہشتگرد جہنم واصل ہو چکے ہیں جبکہ اس دوران سیکیورٹی اداروں اور پولیس کے 10 جوان اس دھرتی اور عوام کی حفاظت کیلئے لڑتے ہوئے شہید ہوئے۔

مزید پڑھیں: بلوچستان میں بی ایل اے دہشت گرد حملے ناکام، سیکیورٹی فورسز کا کنٹرول برقرار

اس کے علاوہ فتنہ الہندوستان کے ان انسان نما بھیڑیوں نے گوادر میں خضدار سے تعلق رکھنے والے ایک بلوچ مزدور خاندان کے 5 افراد کو بھی شہید کردیا ہے جن میں ایک خاتون کے علاوہ تین بچے بھی شامل ہیں۔

سیکیورٹی ذرائع نے مزید بتایا کہ سیکیورٹی فورسز کی طرف سے مزید تعاقبی آپریشنز اور فضائی نگرانی جاری ہے، ان دہشت گردانہ کاروائیوں کے دوران ہندوستانی میڈیا اور سوشل میڈیا کی فتنہ الہندوستان کی مکمل سپورٹ دونوں کے گٹھ جوڑ کو مزید واضح کرتی ہے۔

یاد رہے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے گزشتہ 48 گھنٹوں میں بلوچستان کے دیگر علاقوں میں کارروائیوں کے دوران فتنہ الہندوستان کے 41 دہشت گرد پہلے ہی ہلاک کرچکے ہیں جس کے بعد جہنم واصل دہشت گردوں کی مجموعی تعداد 108ہوگئی۔