پاکستان بیورو آف اسٹیٹسٹکس کے اعدوشمار پر فافن نے جائزہ رپورٹ جاری کردی ہے جس کے مطابق پاکستان کی مجموعی شرحِ خواندگی 63 فیصد ہے جو کہ جنوبی ایشیا میں سب سے کم ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ پی بی ایس اور عالمی بینک کے مطابق پاکستان خطے میں خواندگی میں پیچھے ہے2018–19 کے مقابلے میں شرحِ خواندگی میں صرف 3 فیصد اضافہ ہوا۔
فافن کی جائزہ رپورٹ کے مطابق خطے میں مالدیپ سب سے آگے ہے جہاں شرحِ خواندگی 98 فیصد ہے، سری لنکا 93 فیصد کے ساتھ دوسرے، بھارت 87 فیصد کے ساتھ تیسرے نمبر ہے، جبکہ بنگلہ دیش میں79 فیصد خواندہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اقتصادی سروے، تعلیم پر صرف 0.8 فیصد خرچ، شرح خواندگی 60.6 فیصد رہی
رپورٹ میں بتایا گیا کہ جنوبی ایشیا میں اوسط شرحِ خواندگی 78 فیصد ہے تاہم پاکستان میں شرح خواندگی اوسط سے بھی کم ہے، جہاں مردوں میں خواندگی 73 فیصد، خواتین میں صرف 54 فیصد ہے۔
فافن رپورٹ کے مطابق پاکستان میں سب سے زیادہ شرحِ خواندگی پنجاب میں 68 فیصد، جبکہ سب سے کم بلوچستان میں 49 فیصد ہے، نوجوانوں میں خواندگی 77 فیصد، اور بالغ آبادی میں 60 فیصد ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ آئین کے آرٹیکل 25-A کے تحت تعلیم ریاست کی ذمہ داری ہے، پاکستان ایس ڈی جیز کے تحت معیاری تعلیم کا پابند ہے۔


















