Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

خیبرپختونخوا میں امن وامان کیلئے وفاقی و صوبائی حکومت کے تعاون کو ناگزیر قرار

وزیراعلیٰ نے دہشتگردی سے متعلق تحفظات پر وزیراعظم کو آگاہ کیا

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے خیبرپختونخوا میں امن و امان کیلئے وفاقی و صوبائی حکومت کے تعاون کو ناگزیر قرار دے دیا۔

وزیراعظم شہباز شریف سے وزیرِ اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی ملاقات ہوئی جس میں صوبے میں امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دوران ملاقات وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے دہشتگردی سے متعلق تحفظات پر وزیراعظم کو آگاہ کیا جبکہ تیراہ میں آپریشن اور مقامی لوگوں کی نکل مکانی پر بھی بات چیت ہوئی۔

اس کے علاوہ ملاقات میں وفاق کے ذمے واجبات کی ادائیگی سے متعلق بات بھی چیت کی گئی۔

ملاقات میں وزیراعظم نے خیبرپختونخوا کے عوام کی ترقی و خوشحالی کیلئے وفاقی و صوبائی حکومت کے مابین تعاون کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ صوبائی حکومت انسداد دہشتگردی کیلئے صوبائی اداروں کو مضبوط کرے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومت دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے مشترکہ کاوشیں جاری رکھیں گی، خیبرپختونخوا میں امن و امان کے قیام اور عوامی فلاح کیلئے صوبائی حکومت کو اپنی آئینی ذمہ داری نبھانی چاہیے۔

وزیراعظم نے کہا کہ صوبائی حکومت با اختیار ہے، صحت و تعلیم کیلئے خیبر پختونخوا کے عوام کیلئے اقدامات کئے جائیں، وفاقی حکومت خیبر پختونخوا کے عوام کی بہتری کیلئے ہمیشہ سے کوشاں ہے۔

انکا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا وفاق کی ایک اہم اکائی ہے، صوبے کی عوام کی خوشحالی کیلئے وفاقی حکومت اپنے دائرہ اختیار کے مطابق بھرپور کاوشیں جاری رکھے گی، قومی ترقی اور عوامی خدمت کے لیے وفاق اور صوبوں کے درمیان قریبی روابط اور مؤثر رابطہ کاری ناگزیر ہے۔

مزید پڑھیں: خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی بڑی کارروائیاں، 11 خوارجی دہشتگرد ہلاک

وزیراعظم نے خیبرپختونخوا میں ترقیاتی منصوبوں، بنیادی ڈھانچے کی بہتری، تعلیم، صحت اور روزگار کے مواقع بڑھانے کے لیے وفاقی دائرہ کار کے مطابق تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی اور کہا کہ وفاقی حکومت تمام صوبوں کو ساتھ لے کر چلنے اور یکساں ترقی کے وژن پر عمل پیرا ہے، باہمی مشاورت اور اشتراکِ عمل کے ذریعے قومی یکجہتی، استحکام اور خوشحالی کے اہداف کو مؤثر انداز میں حاصل کیا جا سکتا ہے۔

تاہم، ملاقات میں وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ، وفاقی وزیر امیر مقام اور وزیراعلیٰ کے مشیر مزمل اسلم بھی شریک تھے۔